عید ملاپ پروگرام ہندو ۔ مسلم یکجہتی میں معاون

   

کریم نگر میں منعقدہ تقریب سے مختلف مقررین کا خطاب

کریم نگر ۔ عید ملاپ پروگرام کے ذریعہ ہندو ۔ مسلم یکجہتی اور امن و امان کی برقراری کے لئے کافی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ ناظم جماعت اسلامی کریم نگر محمد خیر الدین نے انجمن ترقی اردو کریم نگر کی جانب سے پیکاک کانفرنس ہال کریم نگر میں منعقدہ عید ملاپ پروگرام میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ ہندو مذہبی رہنما پنڈت سرینواس شرما سٹی پروہت کریم نگر اور عیسائی نمائندے پاسٹر جیاراجو نے کہا کہ کوئی بھی مذہب نفرتوں کو پھیلانے کا پیغام دیتا بلکہ ہر مذہب میں انسانیت کا درس دیا گیا ہے۔ انہوں نے محلہ کی سطح پر اس قسم کے پروگرام کرنے کی اپیل کی تاکہ نفرت کا خاتمہ ہو۔ مفتی غیاث محی الدین، مولانا خواجہ علیم الدین نظامی، سید عرفان الحق ریاستی حج کمیٹی رکن نے بھی مخاطب کرتے ہوئے ہندو۔ مسلم یکجہتی کے قیام پر زور دیا اور انجمن ترقی اردو کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ وہ مستقبل میں بھی اس قسم کے پروگرامس منعقد کریں۔ صدر بار اسوسی ایشن ضلع کریم نگر ای راجی ریڈی، ٹیچرس یونین کے قائدین کٹکم رمیش، پربھاکر اور دیگر نے مخاطب کرتے ہوئے انجمن ترقی اردو کی جانب سے عید ملاپ پروگرام کرنے پر ستائش کی اور کہا کہ ہندوستان واحد ملک ہے جہاں پر کئی مذاہب کے ماننے والے رہتے بستے ہیں۔ جلسہ کا آغاز حافظ مطہر الدین کی تلاوت سے ہوا۔ اظہار حسین اظہار نے نعت پیش کی۔ عبدالصمد نواب نے ادارہ کی رپورٹ پیش کی۔ محمد افضل الدین نے پروگرام کی کارروائی چلائی۔ محمد سراج مسعود جوائنٹ سکریٹری نے شکریہ ادا کیا۔ صدارتی خطاب سرور شاہ بیابانی صدر انجمن ترقی اردو نے کیا۔ اس عید ملاپ تقریب میں صدر قاضی حافظ احمد منقبت شاہ خاں، فصیح الدین نواب، فصیح احمد خاں کے علاوہ بلا لحاظ مذہب معززین شہر کی کثیر تعداد اس عید ملاپ پروگرام میں شرکت کی۔