گزشتہ سال پلاسٹک تھیلوں کی تقسیم، زون واری سطح پر ہی عہدیداروں کی صفائی عملہ کو ہدایت
حیدرآباد۔9اگسٹ (سیاست نیوز) شہر میں عید الاضحی کے موقع پر صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے خصوصی انتظامات کے سلسلہ میں اب تک کوئی ہدایات جاری نہیں کئے گئے بلکہ عہدیداروں نے اپنے طور پر اپنے زون میں صفائی عملہ کو تاکید کی ہے کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر صفائی کے بہتر انتظامات کے لئے فوری کچہرے کی منتقلی کے اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ رہائشی علاقوں میں بدبو اور تعفن پھیلنے سے روکا جاسکے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے گذشتہ چند برسوں سے شہر میں قربانی کی باقیات کو کچہرے میں ڈالنے سے روکنے کیلئے پلاسٹک کے بڑے تھیلوں کی تقسیم عمل میں لائی جا رہی تھی اور شہریوں کو ان کے مکانات تک یہ تھیلے پہنچانے کے اقدامات کئے جا رہے تھے اور اس میں محکمہ پولیس کی جانب سے بھی تعاون حاصل کیا جارہا تھا لیکن اب جبکہ عید الاضحی کے لئے صرف تین یوم باقی رہ گئے ہیں اس کے باوجود بھی جی ایچ ایم سی اور محکمہ پولیس کی جانب سے ایسا کوئی اعلان یا منصوبہ سامنے نہیں آیا جبکہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے گذشتہ چند برسوں سے جاری یہ عمل کی مختلف گوشوں سے ستائش کی جا رہی تھی ۔ دونوں شہروں میں عید الاضحی کے موقع پر قربانی کے بعد جانور کا بچا ہوا چارہ اور دیگر اشیاء کچہرے کے ڈھیر پر ڈالنے سے کئی یوم تک بدبو اور تعفن رہتا ہے لیکن اس سے نمٹنے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے منظم حکمت عملی تیار کرتے ہوئے ان باقیات کو کچہرے کے ڈھیر یا سڑک تک پہنچنے سے روکنے کے لئے بہترین اقدامات یقینی بنائے گئے تھے لیکن اس مرتبہ اب تک بھی جی ایچ ایم سی کی جانب سے پلاسٹک کے تھیلوں کی تقسیم کے عمل کے سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہ کئے جانے کے سبب شہری جی ایچ ایم سی کے عہدیدارو ں اور صفائی عملہ سے اس سلسلہ میں استفسار کررہے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ عوام میں شعور بیدار کرتے ہوئے انہیں کچہرے کے تھیلے میں ڈالتے ہوئے صفائی کے انتظامات میں تعاون کریں۔ بتایاجاتا ہے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں صفائی عملہ کی جانب سے شہریوں کو عیدالاضحی کے موقع پر خصوصی صفائی کے سلسلہ میں شعور بیدار کرنے کی تاکید کی گئی ہے اور توقع ہے کہ آئندہ دو یوم کے دوران محکمہ پولیس اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے تھیلوں کی تقسیم کے سلسلہ میں اعلان کیا جائے گا لیکن عہدیداروں نے کہا کہ صفائی کے لئے شہریوں کو بھی اپنے طور پر تھیلے خرید کر استعمال کرنے پر توجہ دینی چاہئے کیونکہ صفائی سے عوام کا ہی فائدہ ہے۔
جامع مسجد عالیہ میں تاریخ اسلام لکچر
حیدرآباد 9 اگسٹ (راست) کانفرنس ہال جامع مسجد عالیہ سانچہ توپ گن فاؤنڈری میں 10 اگسٹ بروز ہفتہ بعد نماز عصر 5.10 ساعت تاریخ اسلام لکچر کی نشست منعقد ہوگی۔ آصف جاہ سابع کے عہد میں اُمور مذہبی پر جناب احمد علی کیوریٹر نظامس میوزیم مخاطب کریں گے۔