عیدگاہ اُجالے شاہ میں قنوت نازلہ دہلی فساد مہلوکین کیلئے دعائے مغفرت

,

   

حیدرآباد /27 فروری ( سیاست نیوز ) دہلی فسادات کے خلاف سعیدآباد حضرت اُجالے شاہ عیدگاہ میدان میں سیکڑوں خواتین نے آج قنوت نازلہ کا اہتمام کیا ۔ درسگاہ جہاد و شہادت کی جانب سے قنوت نازلہ کے انعقاد کا اعلان کیا گیا تھا جس میں خواتین کو کثیر تعداد میں شرکت کرنے کی اپیل کی گئی تھی ۔ اس پروگرام کی اطلاع ملنے پر آج صبح سے ہی علاقہ سعیدآباد پولیس چھاونی میں تبدیل ہوگیا تھا اور خواتین پولیس عملہ کو بھی کثیر تعداد میں تعینات کردیا گیا تھا ۔ پولیس نے خواتین کو ان کے مکانات سے باہر نکل کر عیدگاہ جانے کی اجازت نہیں دی لیکن اعلی عہدیداروں کے مابین تبادلہ خیال کے بعد خواتین کو قنوت نازلہ کے عیدگاہ جانے کیلئے اجازت دی گئی ۔ پولیس کی موجودگی میں سعیدآباد کی خواتین نے کثیر تعداد میں عیدگاہ حضرت اُجالے شاہؒ پہونچے اور قنوت نازلہ ادا کی ۔ خواتین نے دہلی فسادات میں ہلاک ہونے والے مہلوکین کیلئے دعاء مغفرت کی اور فساد برپا کرنے والے شرانگیزوں کو بد دعاء دی ۔ دہلی پولیس کی کارکردگی پر بھی اپنی برہمی اور ناراضگی کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر سکریٹری درس گاہ جہاد و شہادت ایڈوکیٹ سیف اللہ خالد نے کہا کہ عیدگاہ میدان عوامی علاقہ نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بھی پولیس نے قنوت نازلہ کی ادائیگی کیلئے کئی رکاوٹیں پیدا کی ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے علاقہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے باوجود بھی خواتین نے کثیر تعداد میں قنوت نازلہ میں شرکت کرتے ہوئے اسے کامیاب بنایا ۔ اسی دوران سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف علاقہ کنگ کوٹھی میں گذشتہ چار دنوں سے جاری خواتین کے احتجاج کے پیش نظر آج بھاری پولیس فورس تعینات کردی گئی تھی اور اس پرامن احتجاج کو ناکام بنانے کیلئے کوششیں کی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نارائن گوڑہ نے بعض خواتین جن کے ساتھ شیرخوار بچے بھی تھے انہیں حراست میں لے لیا ۔