غدر تلگو فلم ایوارڈکیلئے 1172 نامزدگیاں داخل،فلم ایکٹریس جیہ سدھا کی صدارت میں جیوری کا اجلاس

   

حیدرآباد۔/16 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے فلمی شعبہ میں نمایاں خدمات کیلئے باوقار غدر تلنگانہ فلم ایوارڈ کی پیشکشی کا فیصلہ کیا ہے۔ ایوارڈ یافتگان کے انتخاب کیلئے جیوری کا اجلاس آج فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن میں نامور فلم ایکٹریس جیہ سدھا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلنگانہ فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدرنشین دل راجو نے ایوارڈ کیلئے نامزدگیوں کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ دل راجو نے جیوری ممبرس پر زور دیا کہ وہ تلگو فلم انڈسٹری میں ایوارڈ کیلئے ایسی شخصیت کا انتخاب کریں جو قومی سطح پر نمایاں رول کیلئے شہرت رکھتا ہو۔ تقریباً 14 سال کے وقفہ کے بعد ریاستی حکومت فلمی شعبہ کو ایوارڈ پیش کررہی ہے۔ متحدہ آندھرا پردیش میں بھی ایوارڈ کیلئے اس قدر مسابقت نہیں تھی۔ جیہ سدھا نے کہا کہ حکومت نے انہیں جو ذمہ داری دی ہے وہ چیلنج کے طور پر قبول کرتی ہیں۔ ڈاکٹر ایس ہریش منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ فلم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے بتایا کہ جیہ سدھا کی قیادت میں 15 رکنی جیوری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوارڈ کیلئے مختلف زمرہ جات سے 1248 نامزدگیاں موصول ہوئیں ان میں 1172 نامزدگیاں انفرادی زمرہ سے ہیں جبکہ 76 نامزدگیاں فیچر فلم، چلڈرنس فلم، ڈاکیومنٹریز اور شارٹ فلمس سے متعلق ہیں۔ نامزدگیوں کی اسکریننگ کا 21 اپریل سے آغاز ہوگا۔ اجلاس میں جیوری ممبرس نے نامزدگیوں کی جانچ کے طریقہ کار کا تعین کیا۔1