غدر2 نے اڈوانس بکنگ میں اومائی گاڈ2 کو شکست دی

   

حیدرآباد ۔ اس وقت سب کی نظریں آنے والی دو نئی فلموں کے بڑے تصادم پر ہیں، یعنی غدر2 بمقابلہ اوایم جی 2۔ دونوں فلمیں ایک دوسرے سے بالکل مختلف ہیں، دوبڑے ہیرو پردے پر ہوں گے اور ان کے مداحوں کی الگ الگ بنیادیں ہیں۔ غدر2 اور او ایم جی 2 اس ماہ کی یعنی11 اگست کو ریلیز ہو رہی ہیں۔دونوں فلموں کا ٹریلر بھی جاری کر دیاگیا ہے اور اب غدر2 اور او ایم جی 2 کی ایڈوانس بکنگ بھی شروع ہوگئی ہے اور مداحوں کی جانب سے اچھا ردعمل مل رہا ہے۔ سنی دیول سامعین کی محبت کے خواہاں ہیں کیونکہ غدر2 کی ایڈوانس بکنگ مثبت رجحان کو ظاہرکررہی ہے۔ سنی دیول اور امیشا پٹیل کی فلم غدر 2 کی ایڈوانس بکنگ رپورٹ کافی زیادہ بہتر ہے۔ شائقین بڑی تعداد میں ٹکٹ خرید رہے ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایڈوانس بکنگ شروع ہونے کے چندگھنٹوں میں ہی ہزاروں ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔ ویسے اومائی گاڈ 2 ایڈوانس بکنگ میں سنی کی فلم غدر2 کے مقابلے میں تھوڑا پیچھے ہے۔ اکشے کمار کی فلم تنازعات کا شکار رہی ہے اور اس وجہ سے بکنگ تھوڑی کم لگتی ہے۔ اس کے علاوہ درجہ بندی اے ہے جس کا مطلب ہے کہ صرف بالغ ہی فلم دیکھ سکتے ہیں۔ اوایم جی 2 نے پہلے دن کی ایڈوانس بکنگ میں تقریباً 3300 ٹکٹس فروخت کیے ہیں۔ غدر 2 کو انیل شرما نے ڈائریکٹ کیا ہے جنہوں نے پہلے حصے کی ہدایت کاری بھی کی۔ او ایم جی 2 کے ہدایت کار امیت رائے ہیں۔ پہلا حصہ امیش شکلا نے ڈائریکٹ کیا تھا۔غدر 2 یا او ایم جی 2 کونسی فلم سینما بازی مارتی ہے یہ جلد ہی معلوم ہوجائے گا؟