ناندیڑ ۔مہاراشٹرا کے ضلع ناندیڑ میں موضع سانگھوی کی وسیمہ شیخ نے لاکھوں غریب گھرانوں کے لئے حوصلہ بخش کامیابی حاصل کی ہے ۔ اُنھوں نے حالیہ ایم پی ایس سی امتحان میں لڑکیوں میں تیسرا مقام حاصل کیا اور اُس کے بعد اُنھیں ڈپٹی کلکٹر کے عہدے کے لئے منتخب کیا گیا ۔ وسیمہ نے جذباتی انداز میں بتایا کہ ’’ہمارے گھریلو حالات بہت خراب تھے معاشی تنگی تھی ایک بھائی آٹورکشا چلاتے اور دوسرے کا چھوٹا سا امیٹیشن جیولری کا کاروبار تھا۔ گزر اوقات بڑی مشکل سے ہوتی۔ والدہ کھیتوں میں کام کیا کرتی تھی۔ ایک بہن کی شادی ہو چکی تھی اور چھوٹی بہنیں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ لیکن ایک بات کہنا چاہوں گی کہ تعلیم کسی کی میراث نہیں، آپ امیر ہو یا غریب یہ معنی نہیں رکھتا۔ وسیمہ کی دوبہنوں نے بھی گریجویشن کا امتحان کامیاب کیا ہے ۔
