غریبوں کو 500 روپئے میں سیلنڈر اور 5 لاکھ روپئے تک مفت علاج

   

صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کا اعلان، محبوب نگر کے بی آر ایس اور بی جے پی قائدین کی کانگریس میں شمولیت

حیدرآباد: 29 اگست (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت کانگریس کی ہوگی اور محبوب نگر ضلع کی ترقی کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔ محبوب نگر کے گدوال اسمبلی حلقہ سے تعلق رکھنے والے بی آر ایس اور بی جے پی قائدین نے آج کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ تشکیل کے بعد کے سی آر حکومت نے محبوب نگر ضلع سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جورالا، نیٹم پاڈو، کوئل ساگر، سری سیلم، کلواکرتی اور دیگر آبپاشی پراجکٹسکانگریس دور حکومت میں تعمیر کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر ضلع کی ترقی صرف کانگریس سے ممکن ہے۔ کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے قائدین میں سابق مارکٹ کمیٹی چیرمین وینکٹ رامی ریڈی، ستیہ نارائنا، ایم پی ٹی سی شیوا ریڈی، ایشور، سابق ایم پی پی گووند، سرپنچ سنیتا اور وارڈ ممبرس شامل ہیں۔ ریونت ریڈی نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ کے سی آر حکومت کی ناکامیوں کو عوام تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر کے تمام 14 اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کامیابی حاصل کرے گی۔ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی محبوب نگر ضلع کے تمام زیر التوا پراجکٹس مکمل کئے جائیں گے۔ انہوں نے چیوڑلہ میں جاری کردہ دلت۔گریجن ڈکلیریشن پر عمل آوری کا وعدہ کیا اور کہا کہ آسرا پنشن کی رقم 4 ہزار روپئے کردی جائے گی۔ کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک قرض معاف کیا جائے گا اور ایک سال میں 2 لاکھ سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ غریبوں کو گیاس سیلنڈر 500 روپئے میں سربراہ کیا جائے گا اور آروگیہ شری اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپئے تک کا علاج مفت رہے گا۔ غریبوں کو مکانات کی تعمیر کے لیے 5 لاکھ روپئے کی امداد دی جائے گی۔