آئندہ تعلیمی سال سے انگلش میڈیم ، انفراسٹرکچر فراہم کرنے 7289 کروڑ خرچ کا منصوبہ
حیدرآباد۔17۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج دیاکر راؤ نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت نے میرا گاؤں میرا اسکول منفرد پروگرام شروع کیا ہے۔ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ اس پروگرام سے خود کو وابستہ کرتے ہوئے سرکاری اسکولوں کی صورتحال کو بہتر بنانے میں حکومت سے تعاون کریں۔ دیاکر راؤ نے اپنے حلقہ انتخاب پالا کرتی میں واقع ضلع پریشد سکنڈری اسکول میں منعقدہ پروگرام میں شرکت کی ۔ اس پروگرام میں پانچ ہائی اسکولس کے ذمہ داروں میں کووڈ کٹس اور صفائی کے آلات تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ کوئی بھی غریب تعلیم سے محروم نہ رہے۔ غریبوں کو کارپوریٹ طرز کی تعلیم فراہم کرنے کیلئے سرکاری اسکولوں کے معیار کو بلند کیا جارہا ہے۔ آئندہ تعلیمی سال سے سرکاری اسکولوں میں انگلش میڈیم تعلیم کو متعارف کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر تعلیم کے ذریعہ سماج تیزی سے ترقی کرسکتا ہے ۔ میرا گاؤں میرا اسکول اسکیم پر ریاست بھر میں 7289 کروڑ خرچ کئے جارہے ہیں۔ جاریہ سال 3497 کروڑ کے خرچ سے 9123 سرکاری اسکولوں میں انفرا اسٹرکچر فراہم کیاجائے گا ۔ پالا کرتی اسمبلی حلقہ میں جاریہ سال 104 سرکاری ، منڈل پریشدر اور ضلع پریشد اسکولوں میں اسکیم پر عمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ا ہل خیر افراد اور این آر آئیز کو اسکولوں کیلئے عطیات کا اعلان کرنا چاہئے ۔ اسی دوران وزیر پنچایت راج نے گریجن طبقات کی خواتین کے ساتھ روایتی رقص میں حصہ لے کر قبائلی عوام کا دل جیت لیا۔ قبائلیوں نے دیاکر راؤ کی آمد پر روایتی انداز میں رقص کرکے استقبال کیا ۔ ر