غریبوں کو مکانات کی فراہمی کیلئے حکومت سنجیدہ

   

سدی پیٹ میںترقیاتی کاموں کا افتتاح، ٹی ہریش راؤ کا خطاب
سدی پیٹ۔/7 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر خزانہ ٹی ہریش راؤ کے ہاتھوں سدی پیٹ چناکوڈور منڈل کونے پلی دیہات میں نئے تعمیر کئے گئے ڈبل بیڈ روم مکانات کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کہا کہ غریب عوام کیلئے ڈبل بیڈ روم کا افتتاح چیف منسٹر کے دیرینہ خواب کی تکمیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر غریب عوام کے تئیں سنجیدہ ہیں اور ان کا مقصد بے گھر غریب عوام کو گھر فراہم کرنا ہے۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر حیدرآباد میں اپارٹمنٹ کی طرز پر کی جارہی ہے اور کافی خوش نما ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت میں عوامی نمائندے عوام کی خدمت کیلئے رات دن محنت کررہے ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت میں سماج کے تمام طبقات سے یکساں انصاف کیا جائے گا۔ ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر دیر سہی درست ثابت ہوئی ہے کیونکہ مستحق غریب عوام کو مکانات فراہم کرنا ہی ٹی آر ایس حکومت کا اولین مقصد ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان مکانات کو فروخت کرنے یا خریدنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس پروگرام میں ضلع پریشد چیرمین روجا شرما، مانک ریڈی اور دیگر عوامی نمائندے موجود تھے۔