نئی دہلی : کلاسیکل موسیقی میں دہلی گھرانہ کے استاد اقبال احمد خان کا جمعرات کو انتقال ہو گیا۔ انتقال کی خبر عام ہوتے ہی سرود کے استاد امجد علی خاں، طبلے کے استاد اکرم خاں اور سارنگی نواز استاد کمال صابری نے اپنے تعزیتی پیغام میں ان کی موت کو ایک عظیم خسارے سے تعبیر کیا۔ سوشل میڈیا پر بھی استاد اقبال احمد خان کے انتقال کی خبر پر غم کی لہر دیکھی گئی ۔کئی سرکاری و غیر سرکاری اعزازات سے نوازے گئے 66 سالہ استاد اقبال احمد خان نے پرانی دہلی کے سوئی والان میں واقع اپنے آبائی مکان میں آخری سانس لی۔ انھوں نے بتایا کہ استاد جی (اقبال احمد خاں) کو ہندوستانی کلاسیکی موسیقی کا گہرا علم تھا۔ انھوں نے دہلی گھرانے کو آگے بڑھانے کیلئے بے شمار شاگردوں کو موسیقی کی مفت تعلیم دی۔