لندن، 30 ستمبر (یو این آئی) برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے غزہ میں امن کیلئے 20 نکاتی منصوبہ پیش کرنے پر کہا ہے کہ تمام فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اکٹھے ہوں۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ معاہدے کو حتمی شکل دینے اور اسے حقیقت بنانے میں امریکی انتظامیہ سے مل کر کام کریں۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے کہا کہ حماس کو اب اس منصوبے سے اتفاق کرنا چاہیے ، حماس کو ہتھیار ڈال کر اور یرغمالیوں کو رہا کرکے مصائب کا خاتمہ کرنا چاہیے ۔ واضح رہے کہ امریکی صدر نے غزہ میں امن کیلئے 20 نکاتی منصوبہ پیش کیا ہے ، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے بھی اس امن منصوبے سے اتفاق کیا ہے ۔