ریاض : سعودی عرب کے ولیعہد محمد بن سلمان نے غزہ پٹی میں جاری لڑائی کو فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی قرار دیتے ہوئے اپنی نوعیت کا پہلا سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اُن کا بیان ریاض میں اسلامک سمٹ میں اُن کی افتتاحی تقریر کے دوران سامنے آیا جہاں زائداز 50 عرب اور اسلامی مملکتوں کے قائدین اور نمائندے گزشتہ روز شریک ہوئے۔ کراؤن پرنس نے کہاکہ مملکت نے برادر فلسطینی بھائیوں کے خلاف اسرائیل کی جانب سے نسل کشی کی اپنی طرف سے واضح اور کھلے طور پر مذمت کی ہے۔ اُنھوں نے زور دیا کہ آزاد مملکت کے قیام کے لئے جاری کوششوں کو ٹھوس بناتے ہوئے فلسطینی اتھاریٹی کے رول کو مدہم ہونے سے بچایا جائے۔ لبنان کی صورتحال کے تناظر میں پرنس محمد بن سلمان نے کہاکہ سعودی عرب لبنان کے اقتدار اعلیٰ کی خلاف ورزی کو بھی مسترد کردیا ہے اور اس کے خلاف اسرائیلی کارروائیوں کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کرتا ہے۔