یروشلم ۔ 13 ستمبر (ایجنسیز) فلسطینی میڈیا آفس نے بتایا ہے کہ غزہ میں ایک ملین آبادی اب بھی موجود ہے۔ فلسطینی میڈیا آفس نے عالمی میڈیا کو بتایا کہ غزہ میں ایک ملین آبادی اب بھی موجود ہے جس میں 3 لاکھ 50 ہزار بچے بھی شامل ہیں۔ ان فلسطینیوں نے جنوب میں انکلیو منتقل ہونے کے حوالے سے اسرائیلی احکامات تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے۔ فلسطینی میڈیا آفس کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ اسرائیل 8 لاکھ فلسطینیوں پر دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ جنوب میں ال ماؤسی کے علاقہ چلے جائیں جہاں رہنے کی بنیادی سہولتیں بھی موجود نہیں ہیں۔
غزہ کے حق میں بیان دینے والا معطل جرمن افسر بحال
برلن۔ 13 ستمبر (یو این آئی) جرمنی کی عدالت نے ترک نژاد فوجی افسر کو عہدے پر بحال کردیا۔ ترک میڈیا کے مطابق جرمنی کی عدالت نے ترک نژاد فوجی افسر یونس امرے یار کی برطرفی کو بے بنیاد قرار دے دیا اور فوجی افسر کی انٹیلی جنس نگرانی پر سرزنش بھی کی۔ یونس امرے یار کو جمعہ کی نماز، حلال خوراک اور غزہ پر رائے دینے پر برطرف کیا گیا تھا۔ جرمن فوجی افسر یونس امرے یار نے اسرائیلی حملوں کو جنگی جرائم اورنسل کشی قرار دیا تھا۔ ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ جرمنی کی عدالت نے ترک نژاد جرمن فوجی افسر کی رائے اظہار کا حق تسلیم کیا۔ افسر نے کہا کہ نماز جمعہ اور حلال خوراک کو انتہاپسندی قرار دینا بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ۔ جرمن وزارت دفاع نے عدالتی فیصلے کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے ۔