غزہ میں اسرائیل اور فلسطینی جنگجوؤں کے درمیان فائربندی کے بعد مسلمانوں کے لیے تیسرے مقدس ترین مقام مسجد اقصیٰ کے حرم الشریف کہلانے والے احاطے کو کھول دیا گیا۔ یروشلم میں واقع حرم الشریف یہودیوں اور مسلمانوں کے لیے مقدس مقام خیال کیا جاتا ہے۔ اسرائیلی پولیس نے اس علاقے کی ناکہ بندی کر رکھی تھی اور اس کے سبب یہودیوں کا بھی حرم الشریف میں داخلہ بند تھا۔ دوسری جانب غزہ میں بھی جنگ بندی کے اعلان کے بعد آج تمام سرکاری دفاتر میں بھی انتظامی سرگرمیاں بحال کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ غزہ حماس کے زیر کنٹرول ہے۔ حماس کی طرف سے یروشلم کی جانب راکٹ داغے جانے کے جواب میں دس مئی کو اسرائیلی فضائی حملے شروع ہو گئے تھے، جن کے نتیجے میں غزہ میں کافی زیادہ تباہی ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے غزہ پر حملے اور بمباری میں سینکڑوں مکانات تباہ ہوگئے اور خواتین و بچوں سمیت تقریباً 250 افراد جاں بحق ہوگئے ۔