غزہ میں فلسطینی شہداء کی تعداد71 ہزار 400 سے متجاوز

   

غزہ، 13 جنوری (یو این آئی) غزہ میں 7اکتوبر 2023کے بعد اسرائیلی حملوں میں جام شہادت نوش کرنے والے فلسطینی شہداء کی تعداد 71ہزار 400سے تجاوز کرگئی جبکہ 1لاکھ 71ہزار سے زائد زخمی ہیں۔ اسرائیلی فوج نے ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کو بھی غزہ میں کام بند کرنے کا حکم جاری کردیا ہے ۔ اسرائیل کے مطابق تنظیم اسرائیل کی نئی پابندیوں پر عمل درآمد میں ناکام رہی۔ ان میں غزہ کے تمام ملازمین کی ذاتی معلومات دینا بھی شامل تھا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ بچ جانے والے 20 فیصد سے زائد اسپتالوں کو چلانے میں مدد فراہم کررہے ہیں۔ دوسری جانب اسرائیل کی غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود قبضہ مہم کا سلسلہ جاری ہے۔

اسرائیل کی قبضہ مہم، غزہ میں 2500عمارتیں مسمار

غزہ، 13 جنوری (یو این آئی) اسرائیل کی غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود قبضہ مہم کا سلسلہ جاری ہے ، بمباری سے بچ جانے والی 2500 عمارتیں مسمار کردیں۔ دو ماہ سے زائد عرصہ قبل جنگ بندی معاہدے پر دستخط کرنے کے باوجود اسرائیل نے غزہ میں کئی عمارتوں اور انفرااسٹرکچر کو تباہ کرنا جاری رکھا ہوا ہے ۔ رپورٹس کے مطابق غزہ میں بیشتر عمارتیں اسرائیل کے زیرِ قبضہ یلو لائن میں تھیں جنہیں مکمل طور پر مسمار کردیا گیا ہے ۔ غیرملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنگ بندی معاہدے کے دوران عمارتوں کو مسمار کرنا اسرائیل کا ایجنڈا ہے۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے گزشتہ سال کی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ غزہ کی 80 فیصد عمارتیں لڑائی کے دوران تباہ ہوگئی ہیں جس سے زیادہ تر افراد اپنے گھروں سے محروم ہوگئے ہیں۔ دوسری جانب صومالیہ کے وزیر دفاع احمد معلم نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو صومالی لینڈ منتقل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے ۔ الجزیرہ سے گفتگو میں وزیر دفاع نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطینیوں کو زبردستی صومالی لینڈ منتقل کرنیکا منصوبہ بنایا ہے اسرائیلی منصوبہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ احمد معلم کا کہنا تھا کہ صومالیہ نے “اطلاع کی تصدیق کی ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کو منتقل کرنے اور انہیں (صومالی لینڈ) بھیجنے کا منصوبہ رکھتا ہے “۔ ان کے تبصرے صومالی حکام کی طرف سے اس دیرینہ خدشات کے پس منظر میں سامنے آئے ہیں کہ اسرائیل فلسطینیوں کو غزہ سے صومالی لینڈ میں زبردستی بے دخل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے ، ان رپورٹس کی خود حکومت کرنے والے خطے اور اسرائیل نے تردید کی ہے ۔