غزہ میں لڑائی بند ہونی چاہیئے : ڈیوڈ لیمی

   

لندن : برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے زور دے کر کہا ہیکہ ان کا ملک مشرق وسطیٰ میں جنگ کے حوالے سے متوازن موقف اختیار کرنا چاہتا ہے اور جنگ بندی اور حماس کے ہاں قیدیوں کی رہائی کو یقینی بنانے کے لیے سفارتی کوششیں بروئے کار لائے گا۔خبر کے مطابق ،لیمی نے گزشتہ روز برلن میں ایک گفتگو کے دوران ں کہا کہ یہ وقت برطانیہ کے لیے بیرونی دنیا کے ساتھ دوبارہ رابطہ کرنے کا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اسرائیل اور غزہ پر متوازن موقف اختیار کرنے کی طرف واپس آنا چاہتا ہوں ،ہم نے یہ واضح کر دیا ہے کہ ہم جنگ بندی دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم ان یرغمالیوں کی رہائی چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید تفصیلات بتائے بغیرکہا کہ لڑائی بند ہونی چاہیے اورغزہ میں امداد داخل ہونی چاہیے، میں جنگ بندی کو یقینی بنانے کے لیے تمام سفارتی کوششوں کو بروئے کار لاؤں گا۔