غزہ پر اسرائیل کے تازہ حملے،20 فلسطینی جاں بحق

   

رفح ( غزہ ) : غزہ پٹی کے جنوبی شہر رفح میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملوں میں 20 سے زائد فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔رفح شہر میں غزہ حکومت کی سینٹرل ایمرجنسی کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جنگ بندی معاہدہ کی متعدد خلاف ورزیاں کی ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی خلاف ورزیوں میں 20 سے زائد فلسطینی شہید، زخمی اور حراست میں لیے گئے، اسرائیلی ٹینکوں نے مصر فلسطینی سرحد عبور کی اور رفح کے وسطی اور مغربی علاقوں میں سرگرمی دکھائی دی۔بیان میں ثالثی کرنے والے ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، جنگ بندی معاہدہ کی شقوں کی پاسداری کریں اور اس کی خلاف ورزیوں کو ختم کریں۔غزہ میں جہاں بڑی تباہی ہوئی ہے وہاں ملبہ ہٹانے اور ملبے تلے دبی لاشوں کو نکالنے کے لیے بھاری آلات لانے کی ضرورت کا اعادہ کیا گیا۔اجلاس میں کہا گیا کہ بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی ان کی رہائش گاہوں پر واپسی کے لیے سڑکیں اور چوراہے کھولے جائیں اور اس کے لیے بھاری مشینری کی ضرورت ہے۔غزہ میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 19 جنوری کو اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے نفاذ کے بعد سے غزہ میں 92 فلسطینی ہلاک اور 822 زخمی ہو چکے ہیں۔