غزہ پر اسرائیلی حملوں کیخلاف دنیا بھر میں زبردست مظاہرے

,

   

Ferty9 Clinic

فلسطینیوں کو آزاد زندگی گزارنے کا حق حاصل، کئی ممالک میں اسرائیل کے سفارت خانے تک عوام کا احتجاج

اسلام آباد : ‘دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی بمباری اور فلسطینی کاز کی حمایت میں لاکھوں مظاہرین نے یورپی شہروں لندن، برلن، میڈرڈ اور پیرس میں مظاہرے کئے۔لندن میں ہزاروں مظاہرین نے ہائیڈ پارک سے اسرائیلی سفارت خانے کی جانب مارچ کیا جبکہ شرکا نے ’غزہ پر بمباری روکو‘ کے پلے کارڈرز بھی اٹھا رکھے تھے اور ’فلسطین کو آزاد کرو‘ کے نعرے بھی لگا رہے تھے۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی سفیر حسام زملط کا کہنا تھا کہ ’یہ وقت مخلتف ہے۔ اس بار ہمیں مزید انکار نہیں کیا جائے گا۔ ہم متحد ہیں، ہم نے بہت جبر کا سامنا کر لیا ہے۔‘پورے شمالی امریکہ کے شہروں میں فلسطین کی حمایت کرنے والے لاکھوں مظاہرین نے غزہ پٹی پر اسرائیلی حملوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔نکبہ کے دن پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نیویارک، واشنگٹن، بوسٹن، مانٹریال، ڈیئربورن اور مشی گن سمیت کئی شہروں میں مظاہرے ہوئے۔کئی یہودیوں نے بھی مظاہروں میں شرکت کی ۔ انہوں نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’میرے نام پر نہیں‘ اور ’فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی‘ لکھا تھا ۔ مظاہرے میں شریک ایک 35 سالہ شخص عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں یہاں ہوں کیونکہ میں چاہتا ہوں کہ ایک فلسطینی زندگی اسرائیلی زندگی کے برابر ہو اور آج ایسا نہیں ہے۔’ ایک اور20 سالہ نوجوان طالب علم ایلیسن زامبرانو نے اسرائیلی حملوں کے حوالے سے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو کہا کہ ’فلسطینیوں کو آزادانہ زندگی گزارنے کا حق ہے اور غزہ میں بچوں کو قتل نہیں کیا جانا چاہیے۔‘غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف پاکستان ،برطانیہ، اسپین، جرمنی، فرانس ، آسٹریلیا، قطر و دیگر ممالک میں بھی زبردست مظاہرے کئے گئے ۔مظاہرین کا کہناتھا کہ کئی سالوں سے خاموش رہ لیے اب فلسطینیوں کے دفاع اور ان کے لیے بولنے کا وقت آگیاہے۔مجلس وحدت المسلمین کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، مظاہرہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت اور فلسطینیوں پر اسرائیلی حکومت کے مظالم کے خلاف کیا گیا۔مظاہرے میں ایم کیوایم اور جماعت اسلامی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے عہدیداران نے بھی شرکت کی۔ مقررین نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ عالمی برادری فلسطینی شہریوں پر اسرائیلی بمباری کا نوٹس لے، مسلم اْمّہ بھی فلسطینی عوام کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائے، اسرائیلی حکومت نے رمضان اور عید کے مقدس ایام میں فلسطینیوں پر بدترین مظالم ڈھائے جس کی مثال نہیں ملتی۔لندن میں فلسطین کے حق میں بڑی تعداد میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے۔ فلسطینی پرچم تھامے مظاہرین Marble Arch پر جمع ہوئے اور اسرائیلی سفارتخانے کی جانب مارچ کیا۔جرمن دارالحکومت برلن میں بھی غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف پرامن مظاہرہ کیاگیا۔اسرائیل کے غزہ پرحملوں کے خلاف فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں بھی مظاہرے ہوئے، مظاہرین پرمنتشرکرنے کے لیے پولیس نے آنسوگیس کا استعمال کیا۔ خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیلی حملوں میں اب تک 40 بچوں سمیت 170 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ غزہ سے ہونے والے راکٹ حملوں میں 9 اسرائیلی ہلاک ہوچکے ہیں۔اسرائیل کا غزہ میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔غزہ پر اسرائیلی حملوں کے خلاف دنیا کے بیشتر ممالک میں نہ صرف احتجاج کیا جارہا ہے بلکہ اقوام متحدہ سمیت کئی عالمی تنظیموں نے اس کی مذمت کی اور فوری طور پر لڑائی بند کرنے کیلئے فریقین پر زور دیا ہے ۔