روم ۔ 9 اگست (ایجنسیز) عالمی ریڈ کراس کمیٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ غزہ پر اسرائیلی قبضہ سے امدادی امور میں مسائل آئیں گے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق عالمی ریڈ کراس کمیٹی کے ترجمان ہشام مہنا نے کہا ہے کہ غزہ میں فضا سے محدود امداد پہنچانے سے مسائل مستقل طور پر حل نہیں ہوں گے۔ ترجمان نے کہا کہ اس کے لیے وسیع پیمانے پر واضح کوششوں کی ضرورت ہے جس سے امداد کی فراہمی میں مدد ملے۔ ہشام مہنا نے زور دے کر کہا کہ اس وقت ہنگامی بنیاد پر غزہ میں سیف زونز بنانے کی ضرورت ہے جہاں غزہ کے لوگوں کو صحت اور بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کی سہولتیں دستیاب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تقسیم کی جانے والی امداد کو سیاسی حربے کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں : جے ڈی وینس
واشنگٹن۔ 9اگست (یو این آئی) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا کہنا ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔ امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ اور امریکہ دنیا میں مزید امن لانے کے لیے بہت کچھ کر سکتے ہیں، مشرق وسطیٰ میں مقاصد کے حصول کے طریقہ کار پر ہمارا برطانیہ سے اختلاف ہو سکتا ہے ۔ جے ڈی وینس نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا کیا معنی رکھتا ہے ، جب وہاں کوئی حکومت ہی موجود نہیں ہے ، غزہ کے مسئلہ کا حل تلاش کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کا بنیادی ہدف اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ حماس کبھی بھی اسرائیلی شہریوں پر دوبارہ حملہ نہیں کر سکے گی، ہمارے اہداف بہت واضح ہیں۔ ہم اسے بنانا چاہتے ہیں تاکہ حماس معصوم لوگوں پر حملہ نہ کر سکے ۔ ہم غزہ میں انسانی مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ اسرائیل کے غزہ پر قبضے کے اعلان سے متعلق وانس نے کہا کہ میں ایسی بات چیت میں نہیں جانا چاہتا لیکن توقع ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اسرائیل کے منصوبہ پر اپنے ردعمل کے بارے میں میڈیا سے کسی وقت بات کریں گے ۔