غزہ پٹی میں اسرائیلی حملے میں ’الجزیرہ‘ کے پانچ صحافی ہلاک

   

غزہ سٹی ۔ 11 اگست (ایجنسیز) قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ نے کہا ہے کہ اس کے معروف صحافی انس الشریف سمیت دو نامہ نگار اور تین کیمرہ مین اتوار کو غزہ سٹی میں اسرائیلی حملے میں مارے گئے۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ انس حماس کے ایک سیل کے سربراہ تھے۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے انس الشریف کو نشانہ بنا کر ہلاک کیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے یہ الزام لگایا کہ وہ حماس کے ایک سیل کے سربراہ تھے اور اسرائیل پر راکٹ حملوں میں ملوث تھے۔ الجزیرہ نے اس دعوے کو مسترد کیا ہے جبکہ اپنی موت سے قبل انس الشریف نے بھی اسرائیل کے اس الزام کو رد کیا تھا کہ ان کا حماس سے کوئی تعلق تھا۔ غزہ پٹی کے حکام اور الجزیرہ کے مطابق 28 سالہ انس الشریف مشرقی غزہ سٹی میں الشفاء اسپتال کے قریب ایک خیمے پر کیے گئے حملے میں مرنے والے چار الجزیرہ صحافیوں اور ایک معاون میں شامل تھے۔ ہسپتال کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حملے میں مزید دو دیگر افراد بھی مارے گئے۔الجزیرہ نے انس الشریف کو ’’غزہ پٹی کے سب سے بہادر صحافیوں میں سے ایک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ ’’غزہ پٹی پر قبضے سے قبل آوازوں کو خاموش کرنے کی ایک مایوس کن کوشش‘‘ ہے۔ الجزیرہ کے مطابق دیگر ہلاک ہونے والے صحافیوں میں محمد قریقیہ، ابراہیم ظاہر اور محمد نوفل شامل ہیں۔ انس الشریف ماضی میں خبر رساں ادارے روئٹرز کی اس ٹیم کا حصہ بھی رہے تھے، جس نے 2024 میں اسرائیل اور حماس کے مابین جنگ کی کوریج پر بریکنگ نیوز فوٹوگرافی کے لیے پولٹزر انعام جیتا تھا۔ صحافتی تنظیموں اور انسانی حقوق کے گروپوں نے اس ہلاکت خیز اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔