غزہ: اسرائیلی فوج کے اعلان کے مطابق غزہ پٹی کے جنوب میں جاری لڑائی میں اس کا ایک فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔ پیر کی صبح جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ 19 سالہ سارجنٹ عمیر جینزبیرگ اتوار کو مارا گیا۔ اس کا تعلق کریات تیفون کی یہودی بستی سے ہے۔اس سے قبل اسرائیلی فوج نے اتوار کواعلان کیا تھا کہ وہ غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح میں اپنا آپریشن جاری رکھے گی۔ایک اسرائیلی اخبار نے چار اگست کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ غزہ کی پٹی میں 11 ماہ سے جاری طویل لڑائی میں اسرائیلی فوج کے کم از کم 10 ہزار فوجی ہلاک یا زخمی ہو چکے ہیں۔ یہ تعداد اسرائیلی وزارت دفاع کی معلومات کے مطابق ہے۔ اسرائیلی فوج کی ویب سائٹ پر جاری تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہیکہ 7 اکتوبر کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 690 فوجی اہل کار ہلاک ہو چکے ہیں۔ مزید یہ کہ زخمیوں کی تعداد 4306 تک پہنچ چکی ہے جن میں 640 کی حالت تشویشناک ہے۔