غزہ کی سمت آج سے فلسطین حامیوں کا مارچ ‘ مصر میں 200 افراد زیر حراست

   

قاہرہ۔ 12 جون (یو این آئی)مصری حکام نے غزہ کی جانب عالمی مارچ سے قبل 200 سے زائد فلسطین حامی کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔میڈیا کے مطابق مارچ کے منتظمین کا کہنا ہے کہ مصری حکام نے قاہرہ ائیرپورٹ پر 200 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لیا ۔منتظمین کا بتانا ہے کہ زیر حراست افراد میں امریکہ، آسٹریلیا، نیدرلینڈز، فرانس، اسپین، مراقش اور الجزائر کے شہری شامل ہیں۔مارچ کے منتظمین نے میڈیا کو بتایا کہ سادہ لباس پولیس اہلکاروں نے قاہرہ کے مختلف ہوٹلوں پر چھاپے مارے اور مارچ کیلئے آنے والوں سے تفتیش کی، ان کے موبائل فونز ضبط کرلیے اور سامان کی تلاشی لی۔پولیس اہلکاروں نے تفتیش کے بعد کچھ افراد کو حراست میں لے لیا جبکہ دیگر کو چھوڑ دیا گیا۔قاہرہ میں منتظمین نے کہاکہ 40 ممالک سے تعلق رکھنے والے 4 ہزار سے زائد کارکنوں کا مصر آنے کا ارادہ ہے جن میں سے اکثر مصر پہنچ چکے ہیں۔غزہ پر اسرائیلی ناکہ بندی ختم کرنے اور امدادی سامان پہنچانے کیلئے مارچ کا آغاز جمعہ سے ہوگا، شرکا بسوں کے ذریعے مصر کے سخت سکیورٹی والے علاقے العریش جائیں گے جہاں سے وہ پیدل 50 کلومیٹر کا سفر کرکے غزہ کی سرحد پر رفح کراسنگ پہنچیں گے جہاں شرکا کیمپ لگائیں گے ۔ادھر اسرائیل نے مصر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ‘جہادی مظاہرین’ کو سرحد پر پہنچنے سے روکے ، اسرائیلی وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ایسے اقدامات ‘اسرائیلی فوجیوں کی سلامتی کو خطرے میں ڈالیں گے اور انہیں برداشت نہیں کیا جائے گا’۔مصر کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مصر اسرائیل پر غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کیلئے دباؤ ڈالنے کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے ، تاہم کسی بھی غیر ملکی وفد کو سرحدی علاقے میں جانے کیلئے سرکاری منظوری حاصل کرنا ضروری ہے ۔