غزہ کے عوام امن چاہتے ہیں، امن معاہدہ ضرور ہوگا

   

اسرائیل اپنے دفاع میں زیادہ حساس، اسرائیلی دفاعی عہدیدار سے بات چیت
حیدرآباد۔11 جولائی (سیاست نیوز) اسرائیل کی دفاعی تحقیق کے ادارے رافیل کے اعلی عہدیدار بریگیڈیئر جنرل پینی یونگ مین امید ظاہر کی کہ غزہ میں عوام امن چاہتے ہیں اور ایک نا ایک دن ضرور اسرائیل اور فلسطین کے درمیان امن معاہدہ طے پائے گا اور دونوں طرف کے عوام پرسکون اور خوش حال زندگی بسر کریں گے۔ بریگیڈیئر پینی یونگ مین جو اسرائیلی کمپنی رافیل کے وائس پریسیڈینٹ اور میزائل ڈیفنس سسٹم ڈیویژن کے جنرل منیجر ہیں، آج حیدرآباد میں نمائندہ سیاست سے بات چیت کررہے تھے۔ دفاعی معاہدے سے متعلق تقریب کے بعد بات چیت میں بریگیڈیئر یونگ مین نے کہا کہ قیام امن میں سیاستداں رکاوٹ ہیں اگر سیاستدانوں کو ہٹادیا جائے تو قیام امن اوربھی آسان ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام تشدد سے عاجز آچکے ہیں اور وہ پرامن زندگی گزارنا چاہتے ہیں۔ اسرائیلی عہدیدار نے فلسطینیوں پر مظالم اور ان کے حقوق سلب کرنے کے مسئلہ پر کچھ بھی کہنے سے گریز کیا اور کہا کہ ان کا ملک قیام امن کا خواہاں ہے۔ دفاعی ٹیکنالوجی میں اسرائیل کی برتری سے متعلق سوال پر بریگیڈیئر یونگ مین نے کہا کہ اسرائیل نے اپنے دفاع کے لیے بہتر دفاعی سسٹم کی تیاری پر توجہ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہمیشہ لڑائی کا سامنا کرتا رہا۔ اطراف میں کسی نہ کسی ملک سے حملوں کا اندیشہ ہمیشہ برقرار رہا جس کے نتیجہ میں اسرائیل نے اپنی دفاعی ٹیکنالوجی کو مستحکم کیا ہے۔ اسرائیل کی دفاعی ٹیکنالوجی دنیا کے مختلف ممالک حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نتن یاہو کے دورۂ ہند کے بعد سے دونوں ممالک کے دفاعی شعبہ میں تعلقات مستحکم ہوئے ہیں۔ کئی شعبوں میں اسرائیل و ہندوستان نے باہمی تعاون سے اتفاق کیا ہے۔