غزہ کے پناہ گزیں کیمپ پر اسرائیل کا حملہ‘ مزید 433 فلسطینی شہید

,

   

خواتین اور بچوں سمیت شہدا کی تعداد3500سے تجاوز‘ اسرائیل کی بربریت جاری

غزہ :بین الاقوامی سفارتی کوششیں بھی اسرائیل کو فلسطینیوں کے خون سے ہاتھ رنگنے سے نہ روک سکیں،غزہ میں اسرائیلی فوج نے ایک ہی روز میں مزید 433 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار ہو گئی ہے جبکہ اسرائیلی بربریت میں بچوں اور عورتوں سمیت اب تک 13 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔غزہ کے جبالیہ پناہ گزیں کیمپ میں دو گھروں پر اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے بمباری کی گئی، ایک واقعے میں 27 اور دوسرے میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد شہید اور 15 زخمی ہوئے۔اسرائیلی افواج کی جانب سے 12 افراد کو غزہ بندرگاہ کے قریب نشانہ بنایا گیا جبکہ نوصائرت علاقے میں مسجد پر بمباری سے خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے۔اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ کے مغربی علاقے میں واقع ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر اور القدس ہاسپٹل کے قریبی علاقے پر بھی 30 منٹ تک رہائشی عمارتوں اور سڑکوں پر بمباری کی گئی۔بموں کے ٹکڑے ہلال احمر کے ہیڈکوارٹر میں بھی گرے جہاں عملے کے علاوہ 8 ہزار افراد پناہ لیے ہوئے ہیں۔ادھر الشفا ہاسپٹل کے نواحی علاقے کو بھی نشانہ بنایاگیا جس میں بڑے پیمانے پر شہادتیں ہوئیں۔اقوام متحدہ کے تحت خان یونس میں چلنے والے اسکول پر بھی بمباری کی گئی جس سے کئی افراد شہید ہوئے جبکہ قریب ہی گھربھی تباہ کیا گیا اس میں بھی بڑی تعداد میں اموات ہوئیں۔البکری ہاؤس پر حملے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ الزیتون علاقے میں گھروں پر 20 بم برسائے گئے جس سے تمام گھر ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ اس واقعے میں بھی بڑاجانی نقصان ہوا۔فلسطینی میڈیا کے مطابق غزہ کے علاوہ اب تک 64 فلسطینیوں کو مغربی کنارے میں بھی شہید کیا جا چکا ہے جن میں سے 55 خواتین اور بچے ہیں۔غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 4500 رہائشی عمارتیں اور 12000 گھر تباہ ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی بمباری جاری، تین رہائشی ٹاور بم سے اڑانے کی دھمکی

غزہ : اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان کشیدگی دوسرے ہفتے میں جاری ہے، غزہ پر مسلسل اسرائیلی بمباری اور گھروں اور رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں مزید فلسطینیوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔فلسطینی میڈیا کا کہنا ہے کہ جمعرات کو غزہ کے جنوب میں وسطی خان یونس میں ایک مکان پر بمباری کے نتیجے میں 8 افراد جان سے گئے اور درجنوں زخمی ہو ئے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ گھر ایک گنجان آباد محلے میں واقع ہے۔ اس سے پہلے فلسطینی ٹیلی ویژن نے کہا تھا کہ شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ کیمپ میں ایک مکان پر اسرائیلی بمباری میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ ٹیلی ویژن نے مرنے اور زخمی ہونے والوں کی تعداد نہیں بتائی۔یہ بات ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فلسطینی میڈیا نے کہا ہے کہ اسرائیلی فورسز غزہ میں دیر البلح میں 3 ٹاوروں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دے رہی ہیں۔ مکینوں کو فوری طورپر وہاں سے نکلنے کی دھمکی دی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فورسز نے دیر البلح میں مدینۃ الزہرہ کے ایک ٹاور پر انتباہی میزائل داغا تاکہ اسے تباہ کرنے کی تیاری کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے انتباہی میزائل نے دوسرے ٹاور کو نشانہ بنایا جس میں رہائشی اپارٹمنٹس کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔فلسطینی میڈیا نے کل شام چہارشنبہ کو رات گئے اطلاع دی ہے کہ غزہ کے جنوب میں واقع شہر رفح کے مغرب میں اسرائیلی بمباری میں 13 شہری مارے گئے جب کہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔