نئی دہلی: کانگریس کے سینئر رہنما غلام نبی آزاد نے منگل کے روز شمال مشرقی دہلی میں ہونے والے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکز اس طرف توجہ نہیں دے رہا ہے۔
دہلی کی حالت انتہائی خراب ہے۔ یہ افسوسناک ہے کیونکہ یہ ہندوستان کا دارالحکومت ہے۔ مجھے افسوس ہے کہ حکومت اس طرف توجہ نہیں دے رہی ہے۔ آزاد نے اے این آئی کو بتایا کہ صرف چند گھنٹوں میں اقدامات کرنے چاہئے تھے لیکن اسے دو دن ہوچکے ہیں اور صورتحال خراب ہو رہی ہے۔
غلام نبی نے کہا کہ میں وزیر داخلہ ،پولیس کمشنر اور لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ فوری طور پر قابو پالیں۔ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا چاہئے۔ حکومت کو یہ یقینی بنانا چاہئے کہ مذہب کے نام پر فسادات نہ ہونے پائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ مرکز کی ذمہ داری ہے۔ آزاد نے عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت نہیں ہے کہ آپس میں لڑیں۔
اگر ان کے پاس پولیس فورس کافی نہیں ہے تو انہیں دوسری فورسز کا استعمال کرنا چاہئے۔ پریشان کن کالیں موصول ہو رہی ہیں اور یہ دعوی کیا جارہا ہے کہ دکانیں جل رہی ہیں اور پولیس ان لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے سے انکار کر رہی ہے۔
کانگریس کے سینئر رہنما نے کہا کہ پولیس غیر جانبدار رہے اور تشدد کے ذمہ دار لوگوں کو سزا دی جانی چاہئے۔
پیر کو شمال مشرقی دہلی میں شروع ہونے والے تشدد میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 190 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔
اس سے قبل مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی زیر صدارت لیفٹیننٹ گورنر انیل بائجل ، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال ، پولیس کمشنر امولیا پٹنائک اور دیگر سیاسی رہنماؤں کے ساتھ دہلی میں ہونے والے تشدد اور موجودہ صورتحال کے بارے میں ایک اجلاس ہوا۔