اسلام آباد ۔3ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہزاروں افراد بیانرس تھامے ہوئے ایک پاکستانی اخبار کے دفتر پہنچ گئے اور اخبار کے خلاف نعرے بازی کی کیونکہ اخبار نے یہ خبر شائع کی تھی کہ لندن برج پر حملہ آور کی شناخت پاکستانی شہری کی حیثیت سے ہوئی ہے ۔ انگریزی اخبار ’’ ڈان ‘‘ نے اپنی شہ سرخی میں حملہ آور کی شناخت پاکستانی شہری عثمان خان کی حیثیت سے کی تھی جو پاکستان مقبوضہ کشمیر کا ایک دہشت گرد بتایا گیا تھا جس نے گذشتہ ہفتہ لندن برج پر دو افراد کو چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا تھا ۔ اخبار نے اسے پاکستانی نژاد برطانوی شہری بتایا تھا جبکہ اس کے برعکس دیگر اخبارات میں یہ لکھا گیا تھا کہ حملہ آور برطانیہ میں ہی پیدا ہوا اور وہیں اس کی پرورش ہوئی ۔ اس خبر کو شائع کرنے کے خلاف عوام میں غم و غصہ پایا جارہا تھا اور اس کا نتیجہ تھا کہ اخبار ڈان کے دفتر کے سامنے زبردست احتجاجی مظاہرہ اور نعرے بازی کی گئی ۔