ممبئی ۔ بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت ان دنوں اپنی آنے والی فلم ایمرجنسی کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔ اس سے پہلے یہ فلم سال 2023 میں ریلیز ہونی تھی لیکن اس وقت اس کی ریلیز ملتوی کر دی گئی تھی۔ اب یہ فلم 6 ستمبرکو بڑے پردے پرآرہی ہے۔ جہاں ایک طرف کنگنا ان دنوں اپنی فلم کی بھرپور تشہیرکر رہی ہیں وہیں دوسری طرف ان کی فلم پر تنازعہ بھی چل رہا ہے۔ حال ہی میں اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی موصول ہوئی تھیں۔ اب کنگنا نے فلم کے حوالے سے چل رہے تنازعات پر بات کی ہے۔کنگنا نے کہا ہے کہ انہیں ملنے والی دھمکیوں سے وہ بالکل نہیں ڈرتی ہیں۔ انہوں نے کہا، مجھے ڈرا نہیں سکتے۔ میں اس ملک کی آوازکو مرنے نہیں دے سکتی۔ یہ لوگ مجھے دھمکیاں دیں، مجھے گولی مار دیں، میں ڈرنے والی نہیں ہوں، یہ غنڈہ گردی کام نہیں کرے گی۔ اس فلم کے تنازعہ پرکنگنا نے کہا کہ ان کی یہ فلم حقائق پر مبنی ہے۔ اس فلم میں صرف وہی چیزیں شامل کی گئی ہیں جو عوامی سطح پر دستیاب ہیں۔یادر ہیکہ بالی ووڈ اداکارہ حالیہ دنوں اپنے متنازعہ بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں رہی ہیں جبکہ ایرپورٹ پر انہیں ایک خاتون عہدیدار نے تھپڑ بھی رسید کردیا تھا ۔