حیدرآباد۔ شہر اور مضافاتی علاقوں میں غیر آباد مساجد کو آباد کرنے پر مہیشورم کے مقامی ذمہ داروں نے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم کو تہنیت پیش کی۔ مہیشورم میں حال ہی میں قطب شاہی دور کی غیر آباد مسجد کو آباد کیا گیا تھا۔ محمد سلیم کی خصوصی دلچسپی سے یہ مسجد آباد ہوسکی۔ حالانکہ مسجد سے متصل اراضی پر غیر مجاز قابضین کی نظریں تھیں۔ مہیشورم کی مختلف تنظیموں سے وابستہ افراد نے حج ہائوز پہنچ کر محمد سلیم سے ملاقات کی اور مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک وقف بورڈ نے 7 غیر آباد مسجدوں کو آباد کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ اس کے علاوہ حکومت نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے جی او ایم ایس 15 جاری کرتے ہوئے رجسٹریشن اور تعمیری اجازت ناموں پر روک لگادی ہے جو قابل ستائش ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ وہ ان تمام غیر آباد مساجد کو آباد کرنے کی مساعی کررہے ہیں جو کئی برسوں سے نمازوں کے بغیر خستہ حالت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مقامی افراد تعاون کریں تو وقف بورڈ دیگر مساجد کو بھی آباد کرے گا۔ مہیشورم کی مسجد میں پنج وقتہ نمازوں کا مشورہ دیتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ امام اور موذن کے تقرر کے بعد تنخواہ وقف بورڈ سے ادا کی جائے گی۔ انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے اسمبلی میں کئے گئے وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے جی او ایم ایس 15 جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے احکامات سے ریاست بھر میں وقف جائیدادوں کے تحفظ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بعض مقامات پر پولیس سے عدم تعاون کے سلسلہ میں شکایات ملی ہیں جنہیں حکومت سے رجوع کیا جارہا ہے۔