غیر زرعی جائیدادوں کے رجسٹریشن کیلئے سلاٹ بکنگ کا آغاز

,

   

چیف سکریٹری سومیش کمار نے افتتاح کیا، غیر ایل آر ایس جائیدادوں کے بارے میں عنقریب فیصلہ، قدیم چارجس کے مطابق رجسٹری

حیدرآباد: ریاست میں غیر زرعی اراضیات اور جائیدادوں کے رجسٹریشن کے سلسلہ میں سلاٹ بکنگ سسٹم کا چیف سکریٹری سومیش کمار نے آج آغاز کیا۔ 14 ڈسمبر سے غیر زرعی جائیدادوں اور اراضیات کے رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی ویب سائیٹ پر سلاٹ بکنگ طریقہ کار کا آغاز کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ایک سب رجسٹرار دفتر میں ایک دن میں 24 سلاٹ بک کئے جائیں گے۔ رجسٹریشن کی تکمیل کے بعد دستاویزات فوری حوالے کردیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسی جائیدادیں اور اراضیات جن کا ایل آر ایس منظور نہیں ہے ، ان کے بارے میں حکومت جلد فیصلہ کرے گی۔ مکانات ، پلاٹ اور کھلی اراضیات کا رجسٹریشن کیاجاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ میوٹیشن کے زیر التواء معاملات دھرانی پورٹل پر حکام کیلئے دستیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن میں کسی بھی دشواری کی صورت میں عہدیداروں کو فوری یکسوئی کی ہدایت دی گئی ہے۔ پورٹل میں کسی تکنیکی خرابی سے نمٹنے کیلئے 100 عہدیداروں اور ماہرین کو بی آر کے بھون میں قائم کردہ وار روم میں تعینات کیا گیا ہے۔ کال سنٹر قائم کیا گیا جس کا فون نمبر 18005994788 ہے۔ رجسٹریشن کی تکمیل کے فوری بعد ای پاس بک جاری کی جائے گی ۔ میرون کلر کی پاس بک علحدہ طورپر جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں 16 لاکھ اراضی معاملات کی تکمیل 10,000 سلاٹ بکنگ کے ذریعہ کی جاچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت سلاٹ بکنگ کے ذریعہ ہی رجسٹریشن کیا جاسکے گا ۔ عہدیداروں کو رجسٹریشن کے علاوہ کوئی زائد اختیارات حاصل نہیں ہوں گے۔ عوام رجسٹریشن کیلئے محکمہ کے ویب سائیٹ پر سلاٹ بکنگ کی سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ سلاٹ بکنگ کے بعد اراضیات کی خرید و فروخت ، گفٹ ، سیل ڈیڈ، مورٹی گیج اور ڈیولپمنٹ جیسے معاہدوںکی تکمیل کی جاسکتی ہے۔ حکومت نے تقریباً 96 فیصد خدمات کو بحال کردیا ہے۔ باقی خدمات کا جلد آغاز کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ رجسٹری کیلئے آدھار کی پیشکشی لازمی نہیں ہے ۔ اس کے متبادل کے طور پر کوئی اور دستاویز پیش کی جاسکتی ہے۔ رجسٹریشن کے بعد میوٹیشن کی کارروائی بھی آن لائین انجام دی جائے گی۔ عوام کو رجسٹریشن دفاتر سے رجوع ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ وہ اپنے مقررہ وقت پر رجوع ہوکر رجسٹریشن کی کارروائی کی تکمیل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رجٹسریشن کے سلسلہ میں کسی بھی خامی سے بچنے کیلئے تمام تر احتیاطی قدم اٹھائے گئے ہیں۔ رجسٹریشن کیلئے سابق کے طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا اور چارجس بھی سابق کی طرح وصول کئے جائیں گے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ رجسٹریشن سلاٹ بکنگ کیلئے ویب سائیٹ www.registration.telangana.gov.in سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ تقریب میں پرنسپل سکریٹری انفارمیشن ٹکنالوجی جیش رنجن رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار اور دوسرے موجود تھے۔