غیر قانونی ایگ کلیکشن کے خلاف ویمنس کمیشن کا گورنر سے رجوع

   

نیریلا شاردا اور عظمیٰ شاکر کی شیو پرتاپ شکلا سے ملاقات، اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ
حیدرآباد، 25 نومبر ]سیاست نیوز[ریاست تلنگانہ میں غریب اور متوسط طبقے کی خواتین کو مالی لالچ دے کر ان کے بیضے (انڈے) غیر قانونی طور پر حاصل کرنے اور استحصال کے سنگین معاملہ پر تلنگانہ اسٹیٹ ویمنس کمیشن کی چیئرپرسن نیریلا شاردا اور رکن عظمیٰ شاکر نے آج لوک بھون میں گورنر شیو پرتاپ شکلا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کمیشن کے وفد نے گورنر کو اس پورے معاملہ کی اب تک کی تحقیقات اور سامنے آنے والے چشم کشا حقائق سے تفصیلی طور پر واقف کرایا۔چیئرپرسن نیریلا شاردا نے گورنر کو بتایا کہ ملک کی مختلف ریاستوں سے غریب اور ضرورت مند خواتین کو ملازمت اور مختلف تقاریب میں کام دلانے کے بہانے حیدرآباد لایا جا رہا ہے اور ان کی معاشی مجبوریوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں غیر قانونی ایگ کلیکشن کے جال میں پھنسایا جا رہا ہے۔ وفد نے محکمہ پولیس کی جانب سے جاری تفتیش کی پیشرفت اور ہائی کورٹ کی طرف سے ملزمان کی پیشگی ضمانت مسترد کیے جانے کے احکامات کی تفصیلات بھی پیش کیں۔کمیشن نے نشاندہی کی کہ یہ غیر قانونی نیٹ ورک صرف ایک ریاست تک محدود نہیں بلکہ مختلف ریاستوں تک پھیلا ہوا ہے ، لہٰذا اس کے پیچھے سرگرم پورے گروہ کو بے نقاب کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے کر خصوصی تحقیقات کرائی جائیں۔ 2/m/b