غیر قانونی تارکین وطن معیشت اور سلامتی کیلئے خطرہ: آرمی چیف

   

اسلام آباد : پاکستان کے آرمی چیف سید عاصم منیر کا کہنا ہیکہ غیر قانونی طور پہ مقیم غیرملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت پر بری طرح اثر انداز ہو رہے ہیں۔ کئی مبصرین کے خیال میں یہ بیان حقائق کی مکمل عکاسی نہیں کرتا۔ دورہ پشاور کے دوران پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کی طرف سے دیے گئے اس بیان کو کئی حلقے ہدف تنقید بنا رہے ہیں۔ مبصرین اور سکیورٹی ماہرین کا خیال ہے کہ اس طرح کا بیان، غیر قانونی طور پہ مقیم تارکین وطن، خصوصاً افغان مہاجرین کو، قربانی کا بکرا بنانے کے مترادف ہے اور یہ کہ پاکستان کے سکیورٹی کے مسائل پاکستان کے اپنے پیدا کردہ ہیں۔آرمی چیف نے یہ بیان جمعرات 7 دسمبر کو پہلی نیشنل ورکشاپ خیبر پختونخواہ ون کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ سید عاصم منیر کا کہنا تھا غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک سے نکالنے کا فیصلہ پاکستان کے مفاد میں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان غیر ملکیوں کو ایک مہذب اور باوقار طریقہ سے ان کے ممالک واپس بھیجا جا رہا ہے، جو مروجہ روایات اور ضابطوں کے مطابق ہے۔