متعلقہ عہدیداروں کو مئیر وجئے لکشمی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 8 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد مئیر گدوال وجئے لکشمی نے کل متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ غیر مجاز عمارتوں کو جزوی طور پر منہدم کرنے کے بجائے انہیں مکمل طور پر منہدم کرنے کے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے سکندرآباد زون سطح کے اجلاس میں شرکت کی اور کاموں کا جائزہ لیا ۔ مئیر نے عہدیداروں سے کہا کہ شہر میں صاف صفائی پر زیادہ توجہ دی جائے ۔ اسسٹنٹ میڈیکل آفیسرس فار ہیلت
(AMOHs)
سے کہا گیا کہ سنیٹشن ورکرس کے کاموں کی اچھی طرح نگرانی کریں اور ان کے کام کی جانچ کریں ۔ سنیٹری جوانس کے لیے ایک ڈریس کوڈ ہونا چاہئے اور انہوں نے عہدیداروں کو قواعد کے مطابق سنیٹشن ورکرس کی مخلوعہ جائیدادوں کو پر کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد میں تکارام گیٹ پر
RUB
کے کام کو جلد مکمل کیا جائے اور وہ اس ماہ کے ختم تک افتتاح کے لیے تیار ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس این ڈی پی کے کاموں میں ترجیحی بنیاد پر تیزی پیدا کی جائے اور حصول اراضی کے عمل کو 15 فروری تک مکمل کرلیا جائے ۔۔