غیر قانونی موٹروں کے ذریعہ پانی حاصل کرنے والے موٹریں ضبط

   

حیدرآباد 27 اپریل (سیاست نیوز) موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی ریاست بھر میں زیر زمین پانی کی سطح میں تیزی سے کمی ہورہی ہے۔ حیدرآباد شہر میں بھی یہی صورتحال دکھائی دے رہی ہے۔ گرمی کی وجہ سے بورویلس خشک ہورہے ہیں۔ کئی علاقوں میں پانی حاصل کرنے کے لئے عوام موٹروں کا غیر قانونی طور پر استعمال کررہے ہیں جس کی وجہ سے دیگر افراد کو مشکلات پیش آرہی ہیں۔ جیسے ہی نلوں میں پانی آرہا ہے، عوام موٹروں کے ذریعہ پانی حاصل کررہے ہیں۔ پانی کی چوری کو روکنے کے لئے واٹر ورکس بورڈ نے خصوصی مہم کا آغاز کرتے ہوئے پہلے ہی عوام سے اپیل کی تھی کہ غیر قانونی طور پر موٹر لگاکر پانی کی چوری پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اس کے باوجود عوام نے عہدیداروں کی اپیل کو نظرانداز کردیا۔ واٹر ورکس بورڈ نے اپنی مہم کے دوران اب تک 700 سے زائد موٹروں کو ضبط کرلیا۔ واٹر ورکس بورڈ منیجنگ ڈائرکٹر اشوک ریڈی نے بھی اس مہم میں حصہ لیا اور عوام سے پھر ایک مرتبہ اپیل کی کہ وہ پانی کے موٹرس کا استعمال بند کریں تاکہ سبھی کو موسم گرما میں پانی سربراہ کیا جاسکے۔ (ش)