بڑھتی تعمیرات کو روکنے حکومت کا فیصلہ، نئی بلدیات میں تعمیرات میں خلاف ورزیوں کی شکایت
حیدرآباد۔/26 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) حکومت نے بلدی علاقوں میں غیر مجاز تعمیرات کی روک تھام کیلئے ایڈیشنل کلکٹرس کو جوابدہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میونسپلٹیز اور گرام پنچایتوں کے حدود میں بڑے پیمانے پر غیر مجاز تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے اور حکومت ان پر روک لگانے میں عہدیداروں کی عدم دلچسپی یا سیاسی دباؤ کے تحت دشواری محسوس کررہی ہے۔ میونسپلٹیز میں کسی بھی بڑی غیرمجاز تعمیر کیلئے متعلقہ ایڈیشنل کلکٹر کو ذمہ دار قرار دیا جائے گا۔ میونسپل کمشنرس اور گرام پنچایت سکریٹریز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ حدود میں غیر مجاز تعمیرات کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ چیف سکریٹری کی جانب سے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق ضلع کلکٹرس کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ غیر مجاز تعمیرات کو روکنے میں ناکام میونسپل کمشنرس اور پنچایت سکریٹریز کے خلاف کارروائی کی سفارش کریں۔ حکومت نے دو سال قبل ہر ضلع میں ایڈیشنل کلکٹر ( لوکل باڈیز ) کا عہدہ قائم کیا ہے تاکہ شہری اور دیہی مجالس مقامی کی کارکردگی پر نظر رکھی جاسکے۔ ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری کی نگرانی ایڈیشنل کلکٹرس کو دی گئی ہے۔ ہر ضلع میں دو یا تین میونسپلٹیز ہیں جن کی ذمہ داری ایڈیشنل کلکٹر کے تحت ہے۔ حکومت کو غیر مجاز تعمیرات میں اضافہ کی شکایت ملنے کے بعد تمام 74 نئے میونسپلٹیز کے ایڈیشنل کلکٹرس کو جوابدہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ غیرمجاز تعمیرات کے مسئلہ پر جلد ہی کلکٹرس اور میونسپل کمشنرس کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کریں گے۔ر