تعمیرملت کے مقابلوں کا جلسہ تقسیم انعامات‘ جناب عامرعلی خان و دیگر کا خطاب
حیدرآباد22دسمبر ( پریس نوٹ ) کل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیر اہتمام 70ویں یوم رحمۃ للعٰلمین اور یوم صحابہ کے ضمن میں غیر مسلم طلبا و طالبات کے لئے سیرت طیبہ کے موضوع پر منعقدہ تحریری و تقریری مقابلوں کے کامیاب طلبا و طالبات کو انعامات کی تقسیم کے لئے آج مدینہ مینشن نارائن گوڑہ میں ایک خصوصی اور پراثرتقریب منعقد ہوئی جس میں سینکڑوں غیر مسلم طلبا و طالبات اور ان کے سرپرستوں‘ اساتذہ نے شرکت کی‘ صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ نے صدارت کی ۔ ان مقابلوں کا اہتمام کل ہند مجلس تعمیر ملت نے حیدرآباد دکن ڈیمو کریٹک اینڈ سیکیولر الائینس کے اشتراک سے کیا تھا۔ جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ صدر تعمیرملت نے کامیاب طلبا و طالبات کو مبار ک باد پیش کی اور کہا کہ وہ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کہا کہ مقابلوں میں حصہ لینے والے حضرت محمد ﷺ کے سفیر ہیں۔ انہوں نے انعام پانے والوں اور مقابلوں میں شرکت کرنے والے تمام طلبا و طالبات کو مبارک باد پیش کی۔ پروفیسر عامر اللہ خان نے طلبا و طالبات کو مبارک باد دی اور کہا کہ وہ اس لحاظ سے قابل مبارک باد ہیں کہ انہو ںنے اپنی مصروفیات سے ہٹ کر سیرت کا مطالعہ کیا۔ ہندو سامعین کی کثرت کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ اس ملک میں ہندو مسلمان شیر و شکر کی طرح رہتے ہیں لیکن موجودہ حکومت نہ صرف دونوں طبقوں کے درمیان اختلافات کو ہوا دے رہی ہے بلکہ خود ہندوؤں میں بھی اختلافات پیدا کررہے ہیں۔ نائب صدر تعمیر ملت ڈاکٹر محمد مشتاق علی نے طلبہ کو مبارک باد دی اور کہا کہ طلبہ کے ساتھ ساتھ ان کے والدین اور اساتذہ بھی مبارک باد کے مستحق ہیں کہ ان کو پیغمبر اسلام کی سیرت کا مطالعہ کرنے کا موقعہ ملا ہے۔ انہوںنے پروفیسر رام کرشنا راؤ کی کتاب کا ذکر کیا جس میں انہوں نے حضرت محمد ﷺ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اورکہا کہ آپ ﷺ تمام پیغمبروں میں سب سے زیادہ کامیاب اور عظیم ترین شخصیت ہیں۔ کیپٹین پانڈو رنگا ریڈی صدر وائس آف تلنگانہ نے کہا کہ اسلام سیدھا سادا اور سچا مذہب ہے۔ انہوںنے کہا کہ حضرت محمد ﷺ ایک کامل شخصیت تھے۔ انہوںنے طلبا و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ مطالعہ کی عادت کو فروغ دیں۔ جناب شیخ حسین صمدانی ڈائریکٹر تلگو اسلامک پبلکیشنز نے رسول اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ کا ذکر کرتے ہوئے اسلام کی بنیادی باتوں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ حضور پاک کی زندگی ساری انسانیت کے لئے مشعل راہ ہے۔ شریمتی سہاسنی پرنسپل محبوبیہ جونیر کالج نے کہا کہ اس کالج کی 25طالبات نے انعامات جیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جس وقت ان مقابلوں کے لئے ان سے ربط پیدا کیا گیا تو اس وقت ایک الجھن تھی ‘ طالبات کو پیغمبر ﷺ کے بارے میں معلومات نہیںتھیں‘ لیکن منتظمین نے لٹریچر فراہم کیا اور طالبات نے بڑی دلچسپی دکھائی۔ مسٹر محبوب پاشاہ لیکچرر نے مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان تمام مذاہب کا مرکز ہے۔ کالج میں آدھی طالبات مسلم اور آدھی غیر مسلم ہیں اور وہاں تمام مذاہب کے فیسٹیول منائے جاتے ہیں۔ اس قسم کی سرگرمیوں سے ماحول بھی بدلے گا اور طالبات کو جو معلومات حاصل ہوئی ہیں وہ ان کے کام آئیں گی۔ انجنیئر خواجہ فرید شرفی کنوینر نے خیر مقدم کیا اور تفصیلات بتائیں ۔انہوں نے احادیث مبارک کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مکمل شخصیت سازی کے لئے رسول اکرم ﷺ کی زندگی مشعل راہ ہے۔ محترمہ عائشہ پرنسپل تلنگانہ اقامتی اسکول آصف نگر نے کہا کہ طالبات میں کافی جوش و خروش پیدا ہوا‘ اور وہ دلچسپی کے ساتھ تیاری کرنے لگیں۔ جناب سیدا میر پرنسپل میسکو ہائی اسکول معین آباد نے کہا کہ اسلام ایک اچھا مذہب ہے۔ یہ مقابلے کروانا کارنامہ ہے۔ ڈاکٹر غوث محی الدین علی صدر میسکو نے رسول کریم کی سیرت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ پروفیسر اپادھیائے نے کالکی اوتار پر کتاب لکھی ہے اور ثابت کیا ہے کہ حضرت محمد ﷺ ہی کالکی اوتار ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر یوسف حامدی مقابلوں کی تفصیلات پیش کیں اور بتایا کہ یہ مقابلے تلگو اور انگریزی میں کروائے گئے جس کا مقصد یہ ہے کہ نئی نسل اسلام اور رسول اکرم ﷺ کی سیرت سے واقف ہوسکے۔ اس موقعہ پر نائب صدر تنظیم جناب ضیأ الدین نیئر اور جناب منظور احمد موجود تھے۔