ریاستی وزیر سرینواس یادو کو مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی کا فون
حیدرآباد۔یکم ؍ مئی ، ( سیاست نیوز) مرکزی ملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی نے ریاستی وزیر انیمل ہسبینڈری ٹی سرینواس یادو کو فون کرتے ہوئے اس بات کی وضاحت کی کہ غیر مقامی ورکرس کی منتقلی کے سلسلہ میں تمام تر ذمہ داری مرکزی حکومت نبھائے گی۔ سرینواس یادو نے کل مرکز سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ غیر مقامی ورکرس کی منتقلی کیلئے ریاستوں کو ذمہ دار قرار دینے کے بجائے خصوصی ٹرینوں کے ذریعہ منتقلی کا انتظام کریں۔ سرینواس یادو نے مرکز کو نشانہ بنایا تھا کہ وہ ریاستوں پر ذمہ داری عائد کرتے ہوئے اپنا دامن بچانے کی کوشش کررہا ہے۔کشن ریڈی نے سرینواس یادو کو فون کرتے ہوئے اس بات کی وضاحت کی کہ غیر مقامی ورکرس کی آبائی مقامات منتقلی مرکزی حکومت کی ذمہ داری رہے گی۔ تمام تر اقدامات مرکز کی جانب سے کئے جائیں گے تاہم مقامی سطح پر ریاستوں میں بہتر تال میل کو یقینی بنایا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ کشن ریڈی نے سرینواس یادو سے کہا کہ ٹرینوں کا انتظام کرنے کی تجویز بہتر ہے۔ مرکز نے گروپ آف منسٹرس اور سکریٹریز کے اجلاس میں خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ سے خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی جن کے ذریعہ غیر مقامی ورکرس کو آبائی مقامات منتقل کیا جائے گا۔