ریاض ۔ 26 فبروری (کے این واصف)داخلی عازمین حج یعنی سعودی عرب میں برسرکار غیر ملکی افراد کیلئے اپنے نام رجسٹر کروانے کا اعلان آیا ہے۔ واضح رہے کہ داخلی عازمین کیلئے بھی کافی شرائط عائد کی ہوئی ہیں۔ سعودی وزارت حج نے کہا ہے کہ داخلی عازمین کیلئے 6 رمضان 1447ھ سے نسک ایپلی کیشن اور آفیشنل سائٹ نسک ایس اے کے ذریعے رجسٹریشن کے آغازکیا گیا ہے جبکہ حج پیکج کی بکنگ 15 رمضان سے شروع ہو گی۔میڈیا کے مطابق وزارت حج نے بیان میں کہا کہ اس مرحلے میں ماہِ شوال کے آخر تک ان عازمین کو ترجیح دی جائے گی جنہوں نے پہلے کبھی حج نہیں کیا، نشستیں دستیاب ہونے کی صورت میں دیگر اہل افراد کیلئے رجسٹریشن کھولی جائے گی۔
وزارت حج نے تین عمرہ کمپنیوں کو معطل کردیا
ریاض، 26 فروری (یو این آئی) سعودی عرب میں وزارت حج وعمرہ نے زائرین کو رہائش خدمات کی خلاف ورزی پر تین عمرہ کمپنیوں کو معطل کردیا ہے ۔ سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت نے بیان میں کہا منظور شدہ کنٹریکٹ پروگرام کے مطابق زائرین کو رہائش کی خدمات کی فراہمی میں ناکامی پرعمرہ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ وزارت کے مطابق متعلقہ حکام کے تعاون سے ان کمپنیوں کے ساتھ معاہدے کرنے والے غیرملکی ایجنٹوں کے خلاف بھی قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق خلاف ورزی کرنے والی عمرہ کمپنیوں کو تمام متاثرہ زائرین کے لیے رہائش کا انتظام کرنے کا پابند بنایا گیا۔