جمہوریت کا قتل کرتے ہوئے انحراف کی حوصلہ افزائی، جیون ریڈی کی تہنیتی تقریب سے آر سی کنتیا اور بھٹی وکرامارکا کا خطاب
حیدرآباد۔22 اپریل (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو پر الزام عائد کیا کہ جمہوریت کا قتل کرتے ہوئے وہ کانگریس ارکان کو انحراف کے لیے اکسارہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی آج گاندھی بھون میں نومنتخب ایم ایل سی ٹی جیون ریڈی کی تہنیتی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کانگریس ارکان اسمبلی کے انحراف کی چیف منسٹر کی جانب سے حوصلہ افزائی پر سخت تنقید کی اور کہا کہ غیر قانونی طریقہ سے کمائی ہوئی دولت کے ذریعہ ارکان اسمبلی کو خریدا جارہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ 130 سالہ تاریخ رکھنے والی کانگریس پارٹی کس طرح ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی میں ضم ہوسکتی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے اعتراف کیا کہ کانگریس میں قیادت کی کمی ہوسکتی ہے لیکن کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوکر ارکان اسمبلی کا انحراف کرنے غیر اخلاقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس انتہائی گھٹیا سیاست پر اترچکی ہے۔ اسمبلی اور قانون ساز کونسل کو پرگتی بھون منتقل کردینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کو ان پر تنقید کا کوئی حق نہیں ہے۔ منحرف ارکان اسمبلی پر عوام سخت ناراض ہیں اور وہ انہیں مناسب وقت پر سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیالٹ پیپر کے ذریعہ منعقد کیئے جانے والے ہر الیکشن میں کانگریس پارٹی کامیابی حاصل کررہی ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو اکثریت حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جیون ریڈی کی کامیابی سے کانگریس کیڈر میں نیا حوصلہ پیدا ہوا ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے پارٹی سے انحراف کرنے والے ارکان پر سخت تنقید کی اور کہا کہ ہاتھ کے نشان پر کامیابی حاصل کرنے کے بعد قیادت پر بھروسہ نہ ہونے کی بات کرنا باعث شرم ہے۔ جبکہ کانگریس ارکان اسمبلی کو دولت کے بل پر خریدا گیا ہے۔ کانگریس ہمیشہ عوام کے لیے جدوجہد کرتی ہے لیکن چند ارکان اسمبلی نے عوام سے دھوکہ دہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے سازش کی تھی کہ کونسل میں کانگریس کا صفایا ہوجائے لیکن عوام نے جیون ریڈی کو کامیاب کرتے ہوئے کونسل میں کانگریس کو برقرار رکھا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام کانگریس پارٹی کوکامیاب کریں گے اور انحراف کرنے والے ارکان کا براحشر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قیادت ٹھیک نہیں ہے، کہنے والوں کو شرم آنی چاہئے اور منحرف ارکان کو انہوں نے زبان قابو میں رکھنے کا انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ چند ارکان اسمبلی کو لے کر کانگریس کے انضمام کی باتیں مضحکہ خیز ہیں۔ رکن کونسل جیون ریڈی نے کہا کہ وہ چھ مرتبہ ایم ایل اے منتخب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام قائدین کی محنت کے نتیجہ میں انہیں کونسل کے انتخابات میں کامیابی ملی ہے۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ آر سی کنتیا نے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کو چیلنج کیا کہ اگر ان میں ہمت ہو تو اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر دوبارہ منتخب ہوکر دکھائیں۔ پونم پربھاکر اور دیگر قائدین نے مخاطب کیا۔
