کووڈ۔ 19 کے متعلق مرکزی حکومت کی دواخانوں کو ہدایت
نئی دہلی۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وزارت ِ صحت نے کہا ہے کہ ملک بھر کے دواخانوں کو کووڈ۔ 19 ٹسٹنگ کے بارے میں مرکز کی ہنگامی ہدایات کی تعمیل کرنا ضروری ہے۔ وزارت صحت و خاندانی بہبود نے جمعرات کو تمام دواخانوں کو مشورہ دیا کہ کورونا وائرس کے سلسلے میں جو افراد مصدقہ مریض نہیں ہیں، ان کا کووڈ۔ 19 ٹسٹ نہ کیا جائے۔ وزارت نے روزانہ کی میڈیا بریفنگ میں کہا کہ دواخانوں کو ٹسٹنگ کے معاملے میں اسٹانڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) کی تعمیل کرنی ہوگی۔ پریس کانفرنس میں وزارت نے کووڈ۔ 19 کے تازہ ڈیٹا فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کورونا معاملے دوگنے ہونے کی شرح بہتر ہوکر اب 11 یوم ہوگئی ہے جو لاک ڈاؤن کے نفاذ سے قبل 3.4 یوم تھی۔ وزارت کے جوائنٹ سیکریٹری لو و اگروال نے کہا کہ دہلی ، یوپی ، جموں و کشمیر ، اڈیشہ ، راجستھان ، تاملناڈو اور پنجاب میں کووڈ۔ 19 کیسوں کے دوگنے ہونے کی شرح 11 تا 20 یوم پائی گئی۔ اس طرح دیگر ریاستوں میں مختلف شرح ہیں جو ملک کی سطح پر اوسطاً 11 یوم قرار پائی ہیں۔
