فائر اسٹیشنوں کو عصری آلات سے لیس کرنے حکومت سنجیدہ

   

سکندرآباد اور کنٹونمنٹ میں فائر اسٹیشنوں کا افتتاح ، وزیر داخلہ محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔/12 جولائی، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ کے قیام کے بعد سے ٹی آر ایس حکومت نے فائر اسٹیشنوں کو جدید و عصری آلات فراہم کئے ہیں تاکہ حادثات پر فوری قابو پایا جاسکے۔ وزیر داخلہ نے آج سکندرآباد اور کنٹونمنٹ کے جدید تعمیر شدہ فائر اسٹیشنوں کی عمارتوں کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر افزائش مویشیاں سرینواس یادو اور محکمہ فائر سرویسس کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔ محمود علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریاست کی ہمہ جہتی ترقی میں مصروف ہیں خاص طور پر فائر اسٹیشنوں کو عصری بنانے پر توجہ دی جارہی ہے۔ چیف منسٹر اس بارے میں وقتاً فوقتاً معلومات حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور فائر سرویسیس کی خدمات کو بہتر بنانے میں چیف منسٹر کو خصوصی دلچسپی ہے اور وہ اس بارے میں تاکید کرتے رہتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے بتایا کہ سکندرآباد فائر اسٹیشن کی عمارت کیلئے 95لاکھ اور کنٹونمنٹ فائر اسٹیشن کی عمارت کیلئے 1.6 کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ فائر اسٹیشن کے عملے کی کارکردگی میں نمایاں بہتری ہوئی ہے جس کے نتیجہ میں آتشزدگی کے واقعات پر فوری قابو پایا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت نے پہلی مرتبہ عصری آلات سے لیس 138 فائر موٹرسیکلوں کو متعارف کیا تاکہ فائر سرویس کا عملہ فوری مقام واردات پر پہنچ سکے۔ ٹی آر ایس حکومت اس شعبہ کی مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتی کیلئے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 168 فائر مین اور 19 اسٹیشن فائر آفیسروں کی مخلوعہ جائیدادوں پر پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کے ذریعہ تقررات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل فائر سرویسیس اور دیگر ملازمین کو بہتر خدمات پر مبارکباد پیش کی۔ ریاستی وزیر سرینواس یادو نے مخاطب کرتے ہوئے فائر سرویس ڈپارٹمنٹ کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پولیس اور فائر سرویسیس کو عصری بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔