فائرنگ کے ذریعہ خود کشی کی کوشش ‘ نارسنگی میں سنسنی

,

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ 4 جولائی (سیاست نیوز) شہر کے نواحی علاقہ نارسنگی میں ایک نوجوان کے اقدام خودکشی سے سنسنی پھیل گئی۔ فیضان احمد نامی نوجوان نے آج سہ پہر تقریباً 3 بجے اپنے آپ کو گولی مارلی۔ فیضان کار میں وہاں پہونچا تھا ۔ اس نے کار کو سڑک کے کنارے لگاکر گولی مارلی جب وہ خود ڈرائیونگ کررہا تھا ۔ واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی نارسنگی اور ڈی سی پی مادھاپور موقع واردات پر پہنچ گئے اور زخمی فیضان کو گچی باؤلی کے کارپوریٹ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ فیضان کے انتہائی اقدام کے متعلق پولیس نے ابتدائی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور کار سے سیل فون کے علاوہ پستول بھی ضبط کیا گیا۔ پولیس ، فائر کئے گئے پستول کی تفصیلات حاصل کررہی ہے کہ آیا بندوق فیضان کی تھی یا پھر اس نے کسی سے حاصل کی تھی۔ پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کی بنیاد پر فیضان کی شناخت کی۔ ایک راہگیر نے فائرنگ کی آواز سن کر آوٹر رنگ روڈ کی پٹرول پولیس کو اطلاع دی۔ ابتدائی جانچ سے قبل اس کار خود فائرنگ کے واقعہ کو گروہی تصادم اور مافیا کارروائی سمجھا جارہا تھا تاہم پولیس نے مقام پر پہنچ کر کار کا معائنہ کیا تو فیضان شدید زخمی حالت میں موجود تھا۔ پولیس نے 108 ایمبولینس کے ذریعہ اس نوجوان کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ پولیس ابتدائی تحقیقات کے بعد اس نتیجہ پر پہنچی کہ فیضان نے خود کو گولی مارلی لہذا وہ دوسری گولی چلانے کے قابل نہیں رہا۔ سر میں گولی لگنے کے سبب فیضان تشویشناک حالت میں پہنچ چکا جس کا علاج جاری ہے۔ فیضان احمد جل وایو اپارٹمنٹ لوور ٹینک بنڈ کے ساکن سلمان احمد کا بیٹا ہے جو گزشتہ پانچ سال سے ایجوکیشن اور ویزا کنسلٹینسی سرویس چلاتا تھا۔ اکثر بیرون ممالک اعلیٰ تعلیم کے خواہش مند طلبہ کو ویزا فراہم کرتا اور اڈمیشن کے اقدامات کرتا تھا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ کچھ عرصہ سے فیضان کو کاروبار میں مسلسل نقصان ہورہا تھا اور وہ پریشان تھا۔ پولیس سمجھتی ہے کہ ذہنی تناؤ کے سبب اس نے انتہائی اقدام کیا۔ نارسنگی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔