فارم میں رہا تو واپسی کروں گا:ڈی ولیرس

   

ممبئی۔یکم مئی(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقہ کے سابق دھماکہ خیز کپتان اے بی ڈی ولیرس نے کہا ہے کہ کرکٹ جنوبی افریقہ نے ان کی ٹیم میں واپسی کے لئے بات کی ہے لیکن وہ تبھی کرکٹ میں واپس آئیں گے جب انہیں لگے گا کہ وہ فارم میں ہیں۔ڈی ولیرس نے مئی 2018 میں کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے سبکدوشی لے لیا تھا لیکن ان کے بین الاقوامی کرکٹ میں واپس آنے کی بحث کافی دنوں سے چل رہی ہے۔ڈی ولیرس نے اسٹار اسپورٹس کے شو کرکٹ کنکٹڈ میں کہا کہ ٹیم کے کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ میں دوبارہ جنوبی افریقہ کے لئے کھیلوں اورکرکٹ جنوبی افریقہ نے اس متعلق مجھ سے بات بھی کی ہے۔ڈی ولیرس نے جنوبی افریقہ کے لئے 114 ٹسٹ، 228 ونڈے اور 78 ٹی 20 مقابلے کھیلے ہیں لیکن ان کا خیال ہے کہ وہ تبھی کرکٹ میں واپس آئیں گے جب انہیں لگے گا کہ ان کی فارم اچھی چل رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرے لئے سب سے ضروری ہے فارم میں رہنا اور یہ ثابت کرنا ہے کہ میں دوسرے کھلاڑیوں سے بہتر ہوں۔اگر مجھے لگے گا کہ میں ٹیم میں رہنے کے قابل ہوں تو میرے لئے آخری الیون میں شامل ہونا آسان ہو جائے گا۔ڈی ولیرس نے کہا کہ میں گزشتہ کافی عرصے سے جنوبی افریقہ کی ٹیم میں نہیں ہوں اول مجھے لگتا ہے کہ یہ دیکھنا میرے اور دوسرے لوگوں کے لئے ضروری ہے کہ میں اس قابل ہوں کہ نہیں۔اگرچہ اب کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیل سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں اور مجھے نہیں پتہ کہ آگے کیا ہونے والا ہے۔