فارم ہاوز میں کے ٹی آر اور ہریش راؤ کی کے سی آر سے اہم ملاقات

   

پارٹی کی یوم تاسیس تقریب، جیون ریڈی کی پارٹی میں شمولیت دیگر مسائل پر تبادلہ خیال
حیدرآباد۔ 8 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اور سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ نے ایراولی فارم ہاوز پہنچ کر پارٹی کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی۔ ریاست کی تازہ سیاسی صورتحال اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس ملاقات میں خاص طور پر 27 اپریل کو منعقد ہونے والے بی آر ایس پارٹی کے یوم تاسیس جلسے پر غور کیا گیا۔ ضلع رنگاریڈی میں اجلاس منعقد کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ کانگریس سے مستعفی ہونے والے سینئر قائد اسمبلی حلقہ جگتیال کے سابق رکن اسمبلی جیون ریڈی کی بی آر ایس میں متوقع شمولیت پر بھی غور و خوص کیا گیا اسمبلی حلقہ جگتیال کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے رکن اسمبلی کانگریس سے قریب ہو جانے کے بعد جیون ریڈی کانگریس سے ناراض ہوگئے۔ بطور احتجاج وہ کانگریس سے مستعفی ہوگئے اور بی آر ایس میں شامل ہونے کی تیاری کررہے ہیں۔ کے سی آر نے جیون ریڈی کو پارٹی میں شامل کرنے کے معاملے میں گرین سگنل دے دیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ بہت جلد کے ٹی آر کانگریس سے مستعفی قائد ٹی جیون ریڈی سے ملاقات کریں گے اور انہیں باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دیں گے جبکہ اس کے بعد جیون ریڈی کی کے سی آر سے بھی ملاقات متوقع ہے۔ اجلاس میں جیون ریڈی کی ممکنہ شمولیت کے سیاسی اثرات پارٹی کو مضبوط بنانے اور ریاست میں بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے تناظر میں حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ کے سی آر نے اسمبلی کے بجٹ سیشن میں پارٹی کی کارکردگی اور عوامی مسائل پر ایوان کے اندر اور ایوان کے باہر تیار کی گئی حکمت عملی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرنے اور عوامی مسائل پر جدوجہد کرنے کا پارٹی کے قائدین کو مشورہ دیا۔ 2 ؍ F m/b/