پالگھر، 22 اگست (یو این آئی) مہاراشٹر کے ضلع پالگھر میں بوئسر انڈسٹریل اسٹیٹ کے میڈلے فارماسیوٹیکل پلانٹ میں نائٹروجن گیس کے اخراج کے نتیجے میں ایک المیہ پیش آیا جس میں چار مزدوروں نے دم توڑ دیا جبکہ چار دیگر زخمی ہوئے ۔ جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ یہ حادثہ انتظامیہ کی غفلت کے باعث رونما ہوا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ری ایکشن ٹینک سے اچانک نائٹروجن گیس خارج ہوئی، جس سے متاثر مزدوروں کو فوری طور پر ایک خانگی اسپتال پہنچایا گیا لیکن کلپیش راوت، بنگالی ٹھاکر، دھیرج پرجاپتی اور کملیش یادو کو ڈاکٹروں نے علاج شروع ہونے سے قبل ہی مردہ قرار دے دیا۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں شامل دو افراد کو ابتدائی علاج کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے ، تاہم دو دیگر مزدوروں کی حالت نازک ہے اور وہ انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ بوئسر علاقے میں ماضی میں بھی کئی صنعتی حادثات پیش آچکے ہیں جن کے سلسلے میں فائر اور اسٹرکچرل آڈٹ کی باقاعدگی کی کمی اور حفاظتی اقدامات کے فقدان پر سوال اٹھائے جاتے رہے ہیں۔