رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کا وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب، مرکزی وزیر پیوش گوئل سے نمائندگی
حیدرآباد ۔5۔ فروری (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے میڈی پلی کے علاقہ میں حیدرآباد فارما سٹی کی منظوری میں بے قاعدگیوں کی شکایت کی۔ وینکٹ ریڈی نے آج نئی دہلی میں مرکزی وزیر صنعت پیوش گوئل سے ملاقات کرتے ہوئے اس سلسلہ میں نمائندگی کی۔ انہوں نے فارما سٹی کے قیام کیلئے اراضی کے حصول میں بے قاعدگیوں کی شکایت کرتے ہوئے اس معاملہ کی جانچ کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ کسانوں سے جبراً اراضی حاصل کی جارہی ہے ۔ اور فارما سٹی کا قیام رئیل اسٹیٹ کاروبار کیلئے کرنے کا منصوبہ ہے ۔ وینکٹ ریڈی نے کسانوں سے جبراً اراضی کی حصولی کی م خالفت کی ۔ اور کہا کہ کسانوں کو فی ایکر 8 لاکھ روپئے ادا کرتے ہوئے فارما کمپنیوں کو دیڑھ کروڑ فی ایکر کے حساب سے فروخت کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فارما سٹی کیلئے 19 ہزار ایکر اراضی کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فارما سٹی کے قیام سے ماحولیاتی آلودگی کا خطرہ ہے ۔ انہوں نے مرکزی وزیر اور وزیراعظم سے اپیل کی کہ فارما سٹی کے قیام میں رکاوٹ پیدا کریں اور اراضی کے معاملات کی تحقیقات کی جائیں۔ انہوں نے قواعد کی خلاف ورزی سے قائم کی جانے والی فارما سٹی کے اجازت نامہ کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ وینکٹ ریڈی نے ماحولیاتی منظوری اور دیگر قواعد کی تکمیل کے بعد فارما سٹی کا کام شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔ تلنگانہ انفراسٹرکچر کارپوریشن کی جانب سے کسانوں سے جبری اراضی کی وصولی کی مذمت کی۔