فارمولہ ای ریسنگ اسکام اروند کمار کے خلاف کارروائی کیلئے مرکزکی منظوری کا انتظار

   

Ferty9 Clinic

چارج شیٹ عدالت میں پیشکشی کیلئے تیار، کے ٹی آر اور بی ایل این ریڈی ملزمین میں شامل
حیدرآباد ۔8 ۔ جنوری (سیاست نیوز) مرکزی وزارت پرسونل اینڈ ٹریننگ نے تلنگانہ اینٹی کرپشن بیورو کی درخواست پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے جس میں سینئر آئی اے ایس عہدیدار اروند کمار کے خلاف قانونی کارروائی کی اجازت طلب کی گئی ہے۔ فارمولہ ای ریسنگ معاملہ میں اینٹی کرپشن بیورو نے تحقیقات میں تیزی پیدا کرتے ہوئے اہم ملزم کے طور پر اروند کمار کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں مرکزی وزارت پرسونل اینڈ ٹریننگ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اجازت طلب کی گئی۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تحقیقات تقریباً مکمل ہوچکی ہیں اور چارج شیٹ تیار کرلی گئی ہے ۔ آئی اے ایس عہدیدار کے خلاف قانونی کارروائی کے سلسلہ میں مرکزی وزارت سے منظوری ضروری ہے ۔ اینٹی کرپشن بیورو نے سابق وزیر کے ٹی آر اور حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے سابق چیف انجنیئر بی ایل این ریڈی کے خلاف قانونی کارروائی کی اجازت حاصل کرلی ہے ۔ ریاستی گورنر جشنو دیو ورما نے کے ٹی آر کے خلاف قانونی کارروائی سے متعلق فائل کو منظوری دے دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اینٹی کرپشن بیورو کو چارج شیٹ داخل کرنے کے لئے ڈپارٹمنٹ آف پرسونل اینڈ ٹریننگ کی منظوری کا اظہار ہے۔ اے سی بی نے تقریباً ڈھائی ماہ قبل اجازت طلب کی تھی لیکن مرکز میں فائل ابھی بھی زیر التواء ہے۔ مرکزی وزارت کو نومبر کے تیسرے ہفتہ میں گورنر کی جانب سے کے ٹی آر کے خلاف کارروائی کی اجازت کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔ اینٹی کرپشن بیورو نے ڈسمبر 2024 میں دائر کردہ ایف آئی آر میں فارمولہ ای ریسنگ کے لئے بیرونی کمپنی کو 55 کروڑ کی ادائیگی کے معاملہ میں تین افراد کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بغیر یہ رقم ادا کی گئی تھی۔ فارمولہ ای ریسنگ اسکام کے ملزمین کے خلاف ٹرائل کے آغاز کے لئے اینٹی کرپشن بیورو کو مرکزی حکومت کی منظوری کا انتظار ہے۔1