سرینگر: نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے عیدالفطر کی مقدس تقریب سعید پر عالم اسلام خصوصاً جموں و کشمیر کے تینوں خطوں کے فرزندان توحید کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالفطر کی تقریب ماہ صیام کے اختتام پر منائی جاتی ہے ، بے شک یہ مقدس تقریب منانے کے وہی حقدار ہیں جن کے روزے اللہ نے قبول کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عید مسرت لے کر آتی ہے اور مسرت ایسی چیز ہے کہ انسان خود محسوس کرتے ہوئے اس کا اظہار کرتا ہے ، لیکن عید کی مسرت ایسی مسرت ہے کہ پروردگار عالم کی طرف سے اس کا اظہار بھی نیک عمل اور خدا کی رضا کا ذریعہ بن گیا ہے یعنی اجر و ثواب کا ذریعہ بھی ہے ، یہ خصوصیت عید کی بڑی خصوصیت ہے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ عید کی ان مسرت گھڑیوں میں اپنے اُن بھائیوں اور بہنوں کو یاد کرنے کی ضرورت ہے جو زمانے کے ستم رسیدہ ہیں اور مفلوک الحال ہونے کے نتیجے میں بنیادی ضروریات میسر رکھنے کے اہل نہیں ہیں۔