فاروق عبداللہ کا اتہ پتہ نا معلوم ، ممتابنرجی کا اظہار تشویش

   

Ferty9 Clinic

500 سیاسی ورکرس و قائدین محروس ۔ عید کے موقع پر نرمی کی توقع
چینائی / سرینگر ۔ /7 اگست (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے آج دعویٰ کیا کہ نیشنل کانفرنس کے سرکردہ لیڈر فاروق عبداللہ کا اتہ پتہ معلوم نہیں اور اس بارے میں انہوں نے تشویش ظاہر کی ۔ مرکز پر تنقید کرتے ہوئے صدر ڈی ایم کے پارٹی ایم کے اسٹالن نے بھی بی جے پی زیرقیادت حکومت کو مورد الزام ٹھہرایا کہ وہ این سی کے بانی شیخ عبداللہ کی محروسی کی سیاہ تاریخ کا اعادہ کرنے کی کوشش کررہی ہے اور یقین دلایا کہ ان کی پارٹی آرٹیکل 370 کی منسوخی کی مخالفت جاری رکھے گی ۔ ممتابنرجی ڈی ایم کے پارٹی کے بانی و سابق چیف منسٹر ایم کرونا ندھی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر یہاں ایک جلسہ عام میں شرکت کیلئے آئی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فاروق عبداللہ کی ایک ویڈیو کلپ ان کے مشاہدہ میں آئی جس میں انہیں روتے دیکھا گیا کیونکہ انہیں اپنی بیٹی کے مکان کو جانے سے تک روک دیا گیا ۔ اس دوران حکام جموں و کشمیر کے تعلق سے مرکز کے فیصلہ کے بعد سے زائد از 500 سیاسی ورکرز اور قائدین کو محروس کرچکے ہیں جن میں سابق چیف منسٹرس عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی شامل ہیں ۔ نئی دہلی کی ایک اطلاع کے مطابق مرکز وادی کشمیر میں عیدالاضحی کے موقع پر نرمی کرسکتا ہے تاکہ مقامی لوگ عید کی سرگرمیوں میں حصہ لے سکے ۔ یہ نرمی مکمل ہوگی یا جزوی ابھی غیرواضح ہے ۔