نیویارک 31 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ میں جاری احتجاج کے دوران وائیٹ ہاوز کے باہر جمع ہوئے احتجاجیوں نے فاکس نیوز کے ایک رپورٹر پر حملہ کیا ۔ سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی موت کے خلاف امریکہ بھر میں احتجاج چل رہا ہے ۔ کئی صحافیوں کیلئے یہ احتجاج مشکلات کا باعث بنتاجا رہا ہے ۔ کولمبیا ایس سی میں ایک صحافی پتھر لگنے سے زخمی ہوگیا جبکہ منیا پولیس میں ایک صحافی کے پیر میں ربر کی گولی لگی ہے ۔ پٹس برگ میں ایک فوٹو گرافر نے کہا کہ اسے مظاہرین اور پھر پولیس نے مارپیٹ کی ہے ۔ بعد میں پولیس نے اس سے معذرت خواہی کی ۔ فاکس نیوز کے رپورٹر لے لینڈ وٹریٹ نے کہا کہ واشنگٹن میں کئے گئے حملے نے اسے صدمہ کا شکار کردیا ہے ۔ اسے واضح طور پر محسوس ہو رہا تھا کہ یہ حملہ اس پر نہیں بلکہ فاکس نیوز پر ہے ۔ سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے والے ویڈیوز میںدکھایا گیا ہے کہ احتجاجی فاکس نیوز کے خلاف جملے بھی کس رہے ہیں۔ اس نے کہا کہ لوگ اس سے اس کے ادارہ کے تعلق سے پوچھ رہے تھے لیکن اس نے کچھ نہیں کہا ۔ تاہم لوگوں کو کسی طرح پتہ چل گیا کہ وہ فاکس نیوز کیلئے کام کرتا ہے تو اس پر شدت سے حملہ کردیا گیا ۔