فرانس :غیر ملکی سفارتکاروں کے قتل کے الزام میں قید لبنانی جنگجو کی 40 سال بعد رہائی کا حکم

   

پیرس 17جولائی (یو این آئی) فرانس کی اپیل کورٹ نے جمعرات کے روز فلسطین نواز لبنانی جنگجو جارج ابراہیم عبداللہ کی رہائی کا حکم دیا، جو 1982 میں دو غیر ملکی سفارت کاروں کے قتل کے الزام میں 40 سال سے قید تھے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق 74 سالہ جارج ابراہیم عبداللہ فرانس کے طویل ترین قیدیوں میں سے ایک ہیں، جہاں عمر قید کی سزا پانے والے زیادہ تر مجرم 30 سال سے کم مدت میں رہا ہو جاتے ہیں۔وہ پچھلے 25 سالوں سے رہائی کے اہل تھے ، لیکن کیس میں فریق امریکہ نے ان کی رہائی کی ہمیشہ مخالفت کی۔جارج ابراہیم عبداللہ کو 1987 میں امریکی فوجی اتاشی چارلس رابرٹ رے اور اسرائیلی سفارت کار یعقوب بارسیمانتوف کے قتل میں ملوث ہونے پر عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔انہوں نے ہمیشہ یہ مؤقف اختیار کیا کہ وہ ایک مجاہد ہیں، جو فلسطینیوں کے حقوق کے لیے لڑے ، انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا۔پیرس کی اپیل کورٹ نے ان کی رہائی کا حکم اس شرط پر دیا کہ وہ فرانسیسی سرزمین کو چھوڑ دیں گے اور دوبارہ کبھی واپس نہیں آئیں گے ۔